تلنگانہ میں میڈیکل کالجس کی تعداد 55ہوگئی: ہریش راؤ

   

حیدرآباد ۔ 31 مئی (سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد شہر ورنگل میں تین میڈیکل کالجس قائم ہوگئے ہیں۔ 60 سال میں صرف 3 گورنمنٹ کالجس قائم کئے گئے تھے۔ گزشتہ 9 سال میں ان کی تعداد 21 تک پہنچ گئی ہے۔ ہنمکنڈہ میں فادر کولمبو میڈیکل کالج کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ گورنمنٹ چیف وہپ ونئے بھاسکر، رکن پارلیمنٹ دیاکر، میئر سدھا رانی کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ فادر کولمبو کا خواب آج شرمندہ تعبیر ہوا ہے۔ تلنگانہ تحریک کی ابتداء سے وہ اس میڈیکل کالج کے بارے میں سن رہے تھے۔ تلنگانہ حکومت ذات پات اور مذہب سے بالاتر ہوکر سب کے لئے مساوی مواقع فراہم کررہی ہے۔ متحدہ آندھرا پردیش میں سرکاری اور خانگی میڈیکل کالجس کی جملہ تعداد 20 تھی جو اب بڑھ کر 55 ہوگئی ہے۔ اس وقت ایم بی بی ایس کی 2950 نشستیں تھیں جو آج بڑھ کر 8340 ہوگئی ہیں۔ ورنگل تین میڈیکل کالجس والے شہر میں تبدیل ہوگیا ہے۔ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل اور کے سی آر کے چیف منسٹر بننے سے یہ سب ممکن ہوا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ میڈیکل کالج قائم ہونے سے 500 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل عوام کو دستیاب ہوگا جس سے مقامی عوام کو طبی سہولتیں حاصل ہوں گی۔ روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے، ساتھ ہی علاقہ کی بھی ترقی ہوگی۔ وزیر صحت نے کہا کہ بھوپال پلی اور جنگاؤں میں میڈیکل کالجس قائم ہوگئے۔ن
ملگ میں بھی بہت جلد میڈیکل کالج قائم ہوگا۔ شمالی تلنگانہ کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کے لئے 1100 کروڑ روپے کے مصارف سے ورنگل میں ہیلت سٹی تعمیر کی جارہی ہے۔ اس ہاسپٹل سے عوام کو مفت طبی خدمات حاصل ہوں گی۔ ن