تلنگانہ میں نئے راشن کارڈز کی اگسٹ سے اجرائی کا فیصلہ

   

بوگس راشن کارڈز کا پتہ چلانے چیف منسٹر کی ہدایت، عنقریب رہنمایانہ خطوط جاری ہوں گے
حیدرآباد۔/12 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں غریب اور مستحق خاندانوں کو اگسٹ میں نئے راشن کارڈز کی اجرائی کیلئے محکمہ سیول سپلائیز نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی نے محکمہ سیول سپلائیز کو ہدایت دی ہے کہ مستحق خاندانوں کو نئے راشن کارڈز کی اجرائی کے رہنمایانہ خطوط طئے کریں اور ساتھ ہی ساتھ غیر مستحق افراد کے سفید راشن کارڈز کا پتہ چلانے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے۔ چیف منسٹر کا ماننا ہے کہ حکومت کی اسکیمات کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہنچنے چاہیئے۔ کانگریس پارٹی سفید راشن کارڈ پر 8 مختلف غذائی اجناس کی سربراہی کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ایسے میں بوگس راشن کارڈز کا پتہ چلاتے ہوئے انہیں منسوخ کردیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ محکمہ سیول سپلائیز کی جانب سے بہت جلد بوگس راشن کارڈز کے خلاف مہم شروع کی جائے گی اور اگسٹ میں نئے راشن کارڈز کی اجرائی کا آغاز ہوگا۔ نئے راشن کارڈز پر TS کی جگہ TG نشان شامل رہے گا۔ حکومت کے پرجا پالنا پروگرام میں راشن کارڈز کیلئے 10 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ تلنگانہ میں فی الحال 89.98 لاکھ کارڈ ہیں جن میں مرکزی حکومت کی اناج ضمانت اسکیم کے 54.39 لاکھ کارڈز ہیں۔ ریاستی اسکیم کے تحت 35.59 لاکھ کارڈ موجود ہیں۔ ابتدائی جانچ میں تقریباً 5 لاکھ سے زائد بوگس راشن کارڈز کی نشاندہی کی گئی ہے۔ کئی ایسے افراد نے کارڈز حاصل کرلئے جن کے پاس 5 ایکر سے زائد زمین ہے، سرکاری ملازمت ہے اور شہری علاقوں میں 200 گز سے زائد اراضی یا مکانات کے مالک ہیں۔ حکومت بوگس راشن کارڈز کا پتہ چلانے اور نئے کارڈز کی اجرائی کیلئے جلد ہی رہنمایانہ خطوط جاری کرے گی۔ 1