تلنگانہ میں نئے وائرس ڈیلٹا+ کا ثبوت نہیں

   

دو دن میں ایک کروڑ افراد کی ٹیکہ اندازی مکمل، ڈائرکٹر پبلک ہیلت
حیدرآباد: ڈائرکٹر پبلک ہیلت سرینواس راؤ نے بتایا کہ ریاست میں ابھی تک 97 لاکھ افراد کی ٹیکہ اندازی مکمل ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 83 لاکھ افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی ، انہوں نے کہا کہ حکومت جملہ 2.2 کروڑ افراد کی ٹیکہ اندازی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کا نشانہ رکھتی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد حدود میں 100 مراکز پر ٹیکہ اندازی کا انتظام کیا گیا ۔ 24 موبائیل ویانس کے ذریعہ ٹیکہ اندازی جاری ہے ۔ گریٹر حیدرآباد حدود میں روزانہ 1500 سے زائد ویکسین خوراک دی جارہی ہے۔ سرینواس راؤ نے بتایا کہ چہارشنبہ سے ریاست میں 30 سال سے زائد عمر کے افراد کی ٹیکہ اندازی کا آغاز ہوا ہے ۔ آئندہ دو دنوں میں ریاست میں ایک کروڑ افراد کی ٹیکہ اندازی مکمل ہوجائیگی ۔ جولائی میں تلنگانہ کو ویکسین کی 21 لاکھ خوراک حاصل ہونگی۔ ٹیچرس اپنے شناختی کارڈ پیش کرتے ہوئے ویکسین حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ابھی تک نئے وائرس ڈیلٹا + کی موجودگی کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ اس نئے وائرس سے محفوظ رہے گا ۔