تلنگانہ میں نئے ڈی جی پی کی تلاش، روی گپتا، سی وی آنند اور شیودھر ریڈی زیر غور

   

سپریم کورٹ کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق انتخاب، سنیاریٹی فہرست میں جتیندر، سومیا مشرا اور شیکھا گوئل بھی شامل
حیدرآباد۔/13 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں نئے ڈائرکٹر جنرل پولیس کے انتخاب کیلئے سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق سنیاریٹی کی بنیاد پر عہدیداروں کے ناموں پر غور کا آغاز ہوچکا ہے۔ سپریم کورٹ کی گائیڈ لائنس کے مطابق ڈائرکٹر جنرل پولیس کے عہدہ کیلئے اہل آئی پی ایس عہدیداروں کی فہرست تیار کرتے ہوئے یونین پبلک سرویس کمیشن کو روانہ کی جائے گی۔ موجودہ ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر جاریہ سال ستمبر میں وظیفہ پر سبکدوش ہورہے ہیں، سبکدوشی سے تین ماہ قبل نئے ڈائرکٹر جنرل پولیس کے لئے اہل عہدیداروں کی فہرست یونین پبلک سرویس کمیشن کو روانہ کی جانی چاہیئے۔ سپریم کورٹ نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کے عہدہ پر تقررات کیلئے 2009 میں جو گائیڈ لائنس جاری کئے تھے اس کی خلاف ورزی کرنے والی ریاستوں کو توہین عدالت کے تحت کارروائی کی نوٹس جاری کی گئی تھی۔ ان ریاستوں میں تلنگانہ، آندھرا پردیش، پنجاب، بہار، اڈیشہ، کیرالا، اتر پردیش اور راجستھان شامل ہیں۔ سپریم کورٹ کی گائیڈ لائنس کے مطابق تلنگانہ حکومت نے نئے ڈی جی پی کی تلاش شروع کردی ہے۔ گائیڈ لائنس کے تحت ڈائرکٹر جنرل پولیسس کے عہدہ کیلئے کم از کم 30 سال سرویس ہونی چاہیئے اور ڈائرکٹر جنرل پولیس کے رتبہ پر کام کرنے کا تجربہ ضروری ہے۔ ریاست میں ڈائرکٹر جنرل پولیس رینک کے تقریباً 7 آئی پی ایس عہدیدار موجود ہیں۔ ایسے عہدیدار جن کی سبکدوشی کیلئے 6 ماہ باقی ہیں ان کے نام بھی روانہ کئے جاسکتے ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس کے عہدہ پر تقرر کے بعد دو سال تک عہدہ پر برقرار رکھا جائے گا اور ایسے عہدیدار جن کی میعاد دو سال سے کم ہے تو انہیں توسیع دی جاسکتی ہے۔ نئے ڈی جی پی کیلئے حکومت سینئر عہدیداروں کے ناموں پر غور کررہی ہے ان میں سرفہرست پرنسپل سکریٹری ہوم روی گپتا (1990 بیاچ ) شامل ہیں جو جاریہ سال ڈسمبر میں وظیفہ پر سبکدوش ہوں گے۔ 1991 بیاچ سے تعلق رکھنے والے سی وی آنند بھی ڈی جی پی کے عہدہ کی دوڑ میں ہیں جو فی الوقت کمشنر پولیس حیدرآباد ہیں، ان کی سرویس جون 2028 تک باقی ہے۔ 1994 بیاچ سے تعلق رکھنے والے انٹلی جنس کے شیودھر ریڈی بھی ڈی جی پی کیلئے زیر غور عہدیداروں کی فہرست میں شامل ہیں۔ ان کی سرویس آئندہ سال اپریل تک رہے گی۔ 1994 بیاچ سے تعلق رکھنے والی ڈائرکٹر جنرل جیل سومیا مشرا ڈسمبر 2027 جبکہ 1994 بیاچ سے تعلق رکھنے والی ڈی جی سی آئی ڈی شیکھا گوئل مارچ 2029 تک سرویس میں رہیں گی۔ حکومت عہدیداروں کے نام اور ان کا سرویس ریکارڈ پبلک سرویس کمیشن کو روانہ کرے گی۔ پبلک سرویس کمیشن سنیاریٹی کی بنیاد پر تین ناموں کو قطعیت دیتے ہوئے فہرست تلنگانہ حکومت کو روانہ کرے گا اور حکومت ان میں سے کسی ایک کا ڈائرکٹر جنرل پولیس کے عہدہ پر تقرر کرسکتی ہے۔ بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت میں ڈائرکٹر جنرل پولیس کے عہدہ پر تقررات میں یونین پبلک سرویس کمیشن کی گائیڈ لائنس پر عمل نہیں کیا گیا۔ موجودہ ڈی جی پی ڈاکٹر جتیندر کا تقرر بھی گائیڈ لائنس کے تحت نہیں ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سنیاریٹی کی بنیاد پر پبلک سرویس کمیشن سے روی گپتا، سی وی آنند اور شیودھر ریڈی کے ناموں کی ڈی جی پی کے عہدہ کیلئے سفارش موصول ہوسکتی ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس کے عہدہ پر تلنگانہ حکومت سنیاریٹی کے ساتھ ساتھ ایسے عہدیدار کو ترجیح دے گی جو اس کیلئے قابل اعتماد رہے۔(ش)