تلنگانہ میں نوجوانوں کو راغب کرنے کیلئے بی جے پی کا منصوبہ

   

اضلاع میں یاتراؤں کا اہتمام، ورنگل اور کھمم سے آغاز
حیدرآباد : گریٹر بلدی انتخابات میں شاندار مظاہرہ کے بعد بی جے پی نے نوجوان نسل کو راغب کرنے کیلئے ریاست بھر میں یاتراؤں کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ گریٹر انتخابات میں نوجوانوں کا رجحان زیادہ تر بی جے پی کے حق میں دیکھا گیا جس کا فائدہ اُٹھاکر بی جے پی ہر ضلع میں نوجوانوں کے لئے خصوصی پروگرام منعقد کرنے کی تیاری کرچکی ہے۔ دوباک کے ضمنی چناؤ میں نوجوانوں نے بی جے پی کے حق میں کامیابی کیلئے اہم رول ادا کیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تلنگانہ میں گزشتہ ایک سال کے دوران بی جے پی نے نوجوان نسل پر توجہ مبذول کی جس کے بہتر نتائج برآمد ہوئے۔ ریاستی صدر بی سنجے دیگر قائدین کے ساتھ ہر ضلع میں یاترا منعقد کریں گے۔ پہلے مرحلہ میں ورنگل اور کھمم میں یاترا منعقد کی جائے گی جہاں میونسپل کارپوریشن کے انتخابات جنوری یا فروری میں ہوسکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے ملک بھر کے 120 اضلاع کے دورے کا منصوبہ بنایا ہے۔ قومی قائدین کے علاوہ ریاستی قائدین تلنگانہ کے اضلاع پر توجہ مبذول کریں گے۔ کئی اضلاع میں بی جے پی کا موقف انتہائی کمزور ہے جن میں سے ایک کھمم ضلع شامل ہے جہاں بلدی انتخابات ہونے والے ہیں۔ کھمم میں ٹی آر ایس کے علاوہ بائیں بازو جماعتوں کا خاصہ اثر ہے۔ تلگودیشم پارٹی کے کمزور ہونے کے بعد سے زیادہ تر رائے دہندے ٹی آر ایس کی طرف منتقل ہوگئے۔ بی جے پی چاہتی ہے کہ تلگودیشم اور کانگریس کے روایتی ووٹرس کو اپنی جانب راغب کیا جائے تاکہ بلدی انتخابات میں بہتر نتائج برآمد ہوں۔