تلنگانہ میں نوٹری جائیدادوں کے رجسٹریشن کا عدم آغاز

   

جی ایچ ایم سی حدود میں 24 لاکھ جائیدادیں نوٹری پر مشتمل، رجسٹریشن کی اجازت پر حکومت کو آمدنی

حیدرآباد : ریاست میں نوٹری کی جائیدادوں کے رجسٹریشن کا آغاز نہ کئے جانے کے سبب شہریوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدہ کے مطابق اب تک بھی ان جائیدادوں کے رجسٹریشن کا آغاز نہیں ہوپایا ہے جو کہ نوٹری پر خریدی گئی ہیں۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں موجود نوٹری کی جائیدادوں کے رجسٹریشن کے آغاز کی صورت میں ریاستی حکومت کو زبردست آمدنی حاصل ہوسکتی ہے لیکن حکومت کی جانب سے ان جائیدادوں کے رجسٹریشن نہ کئے جانے کے فیصلہ کے سبب شہریوں میں تشویش پائی جانے لگی ہے اور کہا جار ہاہے کہ جو جائیداد مالکین نوٹری پر جائیدادوں کی خریدی کئے ہوئے ہیں انہیں مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست تلنگانہ میں نوٹری کی جائیدادوں کے رجسٹریشن کیلئے ایک موقع فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن ان جائیدادوں کے رجسٹریشن کے سلسلہ میں احکامات کی عدم اجرائی کے سبب سب رجسٹرار اور تحصیلدار نوٹری پر خریدی گئی جائیدادوں کے رجسٹریشن سے عاجز ہیں۔ محکمہ مال کے ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کو نوٹری پر خریدی گئی جائیدادوں کے رجسٹریشن کی صورت میں حاصل ہونے والی آمدنی کے سلسلہ میں تفصیلات بھی روانہ کی جاچکی ہیں اس کے باوجود حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی احکام جاری نہیں کئے گئے ہیں۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں مجموعی اعتبار سے 24لاکھ سے زائد جائیدادیں نوٹری پر ہیں اور ان میں زائد از14لاکھ جائیدادیں رہائشی ہیں جبکہ 10 لاکھ کے قریب جائیدادوں کے سلسلہ میں کہا جار ہاہے کہ ان جائیدادوں کو حکومت کی جانب سے تجارتی جائیدادوں میں شمار کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق ریاست میں حکومت نے نوٹری پر خریدی جانے والی جائیدادوں کے رجسٹریشن نہ کرنے کے فیصلہ کے ذریعہ ان کے رجسٹریشن پر روک لگا دی ہے جس کی وجہ سے کئی لوگ عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے اپنی جائیدادوں کے رجسٹریشن کے احکام حاصل کرنے لگے ہیں۔نوٹری پر خریدی جانے والی جائیدادوں کے رجسٹریشن کے لئے حکومت کی جانب سے ایک موقع فراہم کئے جانے کی صورت میں ریاستی حکومت کو آمدنی کے حصول کے علاوہ شہریوں اور ایسی جائیداد وں کے مالکین کو بڑی راحت حاصل ہوسکتی ہے۔