تلنگانہ میں وزراء محض کٹھ پتلی: چندرشیکھرریڈی

   

بلدی انتخابات میں تلگودیشم کا تنہا مقابلہ، وعدوں کی تکمیل میں حکومت ناکام
حیدرآباد 16 جنوری (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی نے الزام عائد کیاکہ تلنگانہ میں ریاستی وزراء کے پاس کوئی کام نہیں ہے اور چیف منسٹر کے سی آر نے اُنھیں محض علامتی پتلا بنادیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پارٹی کے رکن پولیٹ بیورو آر چندرشیکھر ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ میں ون میان شو کی طرح سارے اُمور کے سی آر کے پاس ہیں اور وزراء کو محض کٹھ پتلی بنادیا گیا ہے۔ وزراء کے پاس کام نہ ہونے کے سبب وہ آندھراپردیش میں مرغوں کی لڑائی پروگرام میں شرکت کے لئے گھوم رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو کو تلگودیشم نے سیاسی جنم دیا ہے اور وہ آج ٹی آر ایس میں رہ کر تلگودیشم کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ آندھراپردیش کے عوام حکومت کی غلط پالیسیوں کے نتیجہ میں مختلف مسائل کا شکار ہیں تو دوسری طرف تلنگانہ کے وزراء عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کا کام کررہے ہیں۔ اُنھوں نے سرینواس یادو کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی زبان قابو میں رکھیں اور اخلاق کے دائرہ میں رہ کر بیانات جاری کریں بصورت دیگر تلگودیشم پارٹی اُسی زبان میں جواب دینا جانتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جمہوریت کے تحفظ کے لئے تلگودیشم تلنگانہ کے بلدی انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پارٹی تنہا مقابلہ کرے گی۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ بنیادی سطح پر تلگودیشم کا کیڈر مستحکم ہے اور آنے والے دنوں میں ریاست بھر میں پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔ تلگودیشم 400 سے زائد وارڈس پر مقابلہ کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس دولت اور طاقت کے استعمال کے ذریعہ کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ الیکشن کمیشن کو انتخابی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔