تلنگانہ میں وزراء و ارکان اسمبلی کے فون ٹیاپ کئے جارہے ہیں

   

Ferty9 Clinic

رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی کا الزام، چیف منسٹر کو اپنے قائدین پر بھروسہ نہیں
حیدرآباد 25 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ حضورآباد الیکشن میں کامیابی کیلئے دلتوں سے جھوٹی ہمدردی کا اظہار کررہے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ حکومت کو دلتوں کی بھلائی اور ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ گزشتہ 7 برسوں میں کے سی آر کو کبھی بھی دلتوں کی ترقی کا خیال نہیں آیا، اب اچانک حضورآباد ضمنی چناؤ کے پیش نظر دلتوں پر ہزاروں کروڑ کا اعلان کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ رعیتو بندھو اسکیم پر عمل آوری روک دی گئی ہے۔ ریاست کی تشکیل کے بعد سے ٹی آر ایس کی کئی ایسی اسکیمات ہیں جنھیں انتخابی فائدے کے بعد روک دیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت 2014 ء سے اپوزیشن قائدین کی جاسوسی کررہی ہے اور ٹیلیفون ٹیاپ کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے اسرائیلی کمپنی کی مدد سے کی گئی جاسوسی کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں کے سی آر اپوزیشن کو نشانہ بنانے کے لئے اُن کے ٹیلیفون ٹیاپ کررہے ہیں۔ ریاستی وزراء پر چیف منسٹر کو اعتماد نہیں ہے لہذا وزراء اور ارکان اسمبلی کے ٹیلیفون ٹیاپ کئے جارہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے بھونگیر کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے ہمراہ نلگنڈہ ضلع پریشد کے اجلاس میں شرکت کی۔ اُنھوں نے ارکان پارلیمنٹ کے پروٹوکول کو نظرانداز کرنے کی شکایت کی۔ دونوں ارکان پارلیمنٹ نے عہدیداروں کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی اسکیمات پر عمل آوری میں ضلع حکام ناکام ہوچکے ہیں۔ مرکز سے جو فنڈس حاصل کئے گئے اُن کے استعمال کی کوئی تفصیلات عہدیداروں کے پاس نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ضلع پریشد اجلاس کو ٹی آر ایس کے اجلاس میں تبدیل کردیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی فنڈس کے حصول کیلئے دونوں ارکان پارلیمنٹ ہرممکن مساعی کریں گے۔