تلنگانہ میں ووٹرلسٹ سروے (SIR) جون تک ملتوی، الیکشن کمیشن کا فیصلہ

   

lمختلف ریاستوں میں انتخابات اور مردم شماری کے کاموں کے باعث تاخیر کا دعویٰ
l 4.5 لاکھ ووٹرس کے اندراج میں بے ضابطگی، شناخت کے لیے 11 دستاویزات لازمی

حیدرآباد ۔ 11 اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ووٹرلسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) سروے کو اپریل کے بجائے جون تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ملک کی مختلف ریاستوں میں جاری انتخابات اور مردم شماری سے متعلق سرگرمیوں کے باعث یہ فیصلہ کیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ اپریل اور مئی میں پانچ ریاستوں میں انتخابات اور مردم شماری کے گھریلو سروے کی تیاریوں کے سبب عملے کی دستیابی متاثر ہورہی تھی جس کے باعث اس اہم سروے کو مؤخر کرنا پڑا۔ اب یہ عمل جون سے دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں اس جامع سروے کو تین مرحلوں میں انجام دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ پہلے مرحلہ میں بہار میں سروے مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ دوسرے مرحلہ میں 11 ریاستوں میں میاپنگ کا عمل تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ تیسرے مرحلہ میں تلنگانہ کے بشمول دیگر ریاستوں میں سروے جاری ہے جہاں اب تک80 فیصد سے زائد کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ دیہی علاقوں میں تقریباً 100 فیصد کام مکمل ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ (BLOs) گھر گھر پہنچ کر ووٹرس کی تفصیلات کی تصدیق کریں گے۔ ابتدائی سروے میں تقریباً 2 لاکھ ووٹ حذف کئے جاچکے ہیں جبکہ اندازہ ہیکہ ریاست میں تقریباً 4.5 لاکھ ووٹرس کے اندراج میں بے ضابطگیاں موجود ہیں۔ سروے مکمل ہونے کے بعد فوت شدہ افراد اور ایک سے زائد مقامات پر درج ووٹرس کے نام حذف کئے جائیں گے۔ سروے کے دوران ووٹرس کی شناخت کیلئے 11 اقسام کے دستاویزات کو معیار بنایا گیا ہے۔ 1987 سے 2004 کے درمیان پیدا ہونے والوں کیلئے والدین کی تفصیلات لازمی ہوں گی۔ 1987 سے 2004 کے درمیان پیدا ہونے والوں کیلئے برتھ سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا۔ 2004 کے بعد پیدا ہونے والوں کیلئے اضافی دستاویزات درکار ہوں گے۔ ان دستاویزات میں پاسپورٹ، سرکاری ملازمین کے شناختی کارڈ، بنک یا سرکاری اداروں کے سرٹیفکیٹس، پیدائش کا سرٹیفکیٹ، تعلیمی اسناد، کاسٹ سرٹیفکیٹ، خاندانی شناختی کارڈ اور زمین یا مکان الاٹمنٹ کے سرکاری کاغذات شامل ہیں۔ ان میں سے کسی ایک یا زیادہ دستاویزات کی فراہمی لازمی ہوگی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ یہ جامع سروے ووٹرلسٹ کو شفاف اور درست بنانے کیلئے کیا جارہا ہے تاکہ انتخابی عمل میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو روکا جاسکے۔a/b/H/2