تلنگانہ میں ووٹر لسٹ پر نظر ثانی مہم کا اعلان

   

بوتھ سطح پر سروے، ویب سائیٹ پر اعتراض داخل کرنے کی سہولت
حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی کے دوسرے مرحلہ کا آغاز کیا ہے۔ نظر ثانی کے مختلف مراحل کی تکمیل جولائی میںمکمل ہوگی۔ 23 جون تک بوتھ سطح کے عہدیداروں کے ذریعہ ایک سے زائد ناموں کی جانچ کی جائے گی۔24 جون تا 24 جولائی پولنگ اسٹیشنوں کے انتظامات، فہرست رائے دہندگان میں ناقص تصویروں کی تبدیلی اور پولنگ اسٹیشنوں کے مقامات کے تعین کا کام مکمل کیا جائے گا۔2 اگسٹ کو فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کیا جائے گا۔ ادعاء اور اعتراضات پیش کرنے کیلئے 2 تا 31 اگسٹ مہلت دی گئی ہے۔22 ستمبر تک اعتراضات کی یکسوئی کی جائے گی۔ کمیشن کے مطابق 4 اکٹوبر کو قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کردی جائے گی۔ ایسے نوجوان جن کی عمر اکٹوبر 2022 تک 18 سال ہوچکی ہو وہ اپنے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کراسکتے ہیں۔ بوتھ سطح کے عہدیداروں کی جانب سے گھر گھر جاکر تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔ عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ بوتھ سطح کے عہدیداروں سے مکمل تعاون کریں۔ یکم اکٹوبر 2023 تک 18 سال مکمل کرنے والے افراد 31 اگسٹ تک اپنی درخواستیں یا اعتراضات داخل کرسکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ www.nvsp.in سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان کو نقائص سے پاک تیار کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یکم جون سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی جانچ کا آغاز ہوگا۔ر