ہر ضلع کیلئے گائیڈلائینس کی اجرائی، غیر علامتی مریضوں کا گھر پر علاج
حیدرآباد: تلنگائنہ حکومت نے کورونا پر قابو پانے کیلئے نئی حکمت عملی تیار کی ہے جس کے تحت ٹسٹوں میں اضافہ کے بجائے علاج پر توجہ مرکوز کی جائے گی ۔ حکومت کی جانب سے ریاست بھر میں کورونا علاج کے لئے نئی گائیڈ لائینس جاری کی گئی ہیں جس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ حکومت ٹسٹوں میں اضافہ کے بجائے ہر ضلع میں حکام کو علاج پر توجہ دینے کی ہدایت پر دے چکی ہے۔ لاک ڈاون کے باقی ایام کیلئے ایکشن پلان تیار کیا گیا جس میں محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ علاج پر توجہ دیں ۔ گائیڈ لائینس میں کورونا ٹسٹنگ کو شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ حال ہی میں کئے گئے فیور سروے میں جو افراد کورونا کی علامات کے ساتھ پائے گئے، ان کی تفصیلات کو محفوظ کرنے کیلئے موبائیل اپلیکیشن تیار کیاجارہاہے۔ عہدیداروں سے کہا گیا کہ صرف ایسے افراد کے معائنے کئے جائیں جن میں کورونا کی علامت موجود ہوں ۔ عہدیداروں کی توجہ ٹسٹوں سے زیادہ مریضوں کے علاج پر ہونی چاہئے ۔ اس سلسلہ میں تمام محکمہ جات کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ جلد از جلد فیور سروے کا دوسرا مرحلہ مکمل کرلیں۔ حکومت نے تمام سرکاری اور خانگی دواخانہوں میں آؤٹ پیشنٹ خدمات کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلع حکام سے کہا گیا کہ وہ علامتی مریضؤں کی تفصیلات روزانہ ہر دواخانہ سے حاصل کریں۔ مریضوں کو حکومت کی جانب سے فراہم کردہ کٹس کی تفصیلات بھی ہرضلع سے طلب کی گئی ہے۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ دواخانوں کو آکسیجن کی مناسب سربراہی کو یقینی بنائیں۔ محکمہ صحت کے تمام ملازمین کو روسٹر کی بنیاد پر کورونا ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے گا۔ ان کی خدمات کورونا وارڈس میں بھی حاصل کی جائے گی ۔ حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ معمولی علامات کے مریضوں کو ہوم آئسولیشن کی ترغیب دیں اور کسی کو دواخانہ میں شریک ہونے کی حوصلہ شکنی کریں کیونکہ معمولی علامات کے ساتھ گھر پر بہتر علاج کیا جاسکتا ہے۔