حیدرآباد۔/27 مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹڈی دل کی فوج سے نمٹنے کیلئے حکومت تلنگانہ نے فوری حکام کو چوکس کردیا ہے۔ راجستھا ن سے براہ گجرات و مہاراشٹرا یہ ٹڈی دل تلنگانہ کی سمت پیشرفت کررہی ہے۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سینکڑوں ایکر اراضی پر محیط کھڑی فصلوں کو پل بھر میں چٹ کرنے والی یہ ٹڈی دل مہاراشٹرا کے ضلع امراوتی پہونچ گئی ہے اور تلنگانہ کا متصلہ سرحدی اضلاع پر زرعی حکام نے چوکسی اختیار کرلی ہے۔ کمشنر زراعت بی جناردھن ریڈی نے کہا کہ مہاراشٹرا میں اس ٹڈی دل کو روکا نہیں گیا تو تلنگانہ میں فصلوں کیلئے مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔