تلنگانہ میں ٹھیلہ بنڈی والوں کی شناخت کا آغاز

   

کم شرح سود پر 10 ہزار روپئے قرض فراہم کرنے کا نشانہ
حیدرآباد۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج بتایا کہ ریاستی حکومت ٹھیلہ کورونا وباء کے وجہ سے لاک ڈاون کے دوران مشکلات کا شکار ٹھیلہ بنڈی والوں کی تفصیلات جمع کر رہی ہے اور وہ 5 لاکھ ٹھیلہ بنڈی والوں کا اندراج کرکے انہیں شناختی کارڈ جاری کرے گی تاکہ ہر ٹھیلہ بنڈی راں کو کم سود پر بینک کے ذریعہ 10,000 روپئے قرض فراہم کیا جاسکے ۔ حکومت مشکل وقت میں ان کی مدد کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 2,16,000 ٹھیلہ بنڈی رانوں کی شناخت کرکے اندراج کیا جاچکا ہے ۔ یہ اطلاعات تمام شہری مجالس مقامی میں حاصل کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس اندراج میں تیزی پیدا کرنے کیلئے تمام محکمہ جات ‘ عوامی نمائندوں ‘ اڈیشنل کلکٹران اور کمشنران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ٹھیلہ بنڈی والوں کے سروے میں حصہ لیں تاکہ اسے جلد از جلد مکمل کیا جاسکے ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے 6 اگسٹ کو سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار اور کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار و دوسروں کے ساتھ مہدی پٹنم اور اطراف کے علاقوں میں ریتو بازار اور دیگر مقامات کا دورہ کرتے ہوئے ٹھیلہ بنڈی والوں سے بات چیت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیلہ بنڈی والوں کو حکام کی جانب سے شناختی کارڈز کی اجرائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔