تلنگانہ میں ٹی آر ایس کاکوئی مقابل نہیں: ہریش راؤ

   

زائد اکثریت کیلئے اسمبلی حلقوں میں مسابقت، ٹی آر ایس میں مختلف قائدین کی شمولیت

حیدرآباد۔/7 اپریل، ( سیاست نیوز) سابق وزیر اور رکن اسمبلی سدی پیٹ ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ بالخصوص حلقہ لوک سبھا میدک میں ٹی آر ایس کا کسی بھی پارٹی سے مقابلہ نہیں ہے۔ اب صرف اس بات کیلئے محنت کی جارہی ہے کہ تلنگانہ کے تمام حلقوں میں ٹی آر ایس کو میدک میں سب سے زیادہ اکثریت حاصل ہو۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ میدک میں پارٹی امیدوار کو ریکارڈ اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی۔ سدی پیٹ میں مختلف پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ میدک پر ٹی آر ایس کا غلبہ ہے اور کانگریس اور بی جے پی کو سخت ہزیمت اٹھانی پڑے گی۔ مختلف منڈلوں سے تعلق رکھنے والے کانگریس اور بی جے پی کے قائدین کا ہریش راؤ نے ٹی آر ایس میں استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں سدی پیٹ سے انہیں ایک لاکھ سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی ہے۔لوک سبھا حلقہ کے 7 اسمبلی حلقوں میں اس بات پر مسابقت ہے کہ کس حلقہ میں ٹی آر ایس کو زیادہ اکثریت ملے گی۔ سدی پیٹ ، دوباک، گجویل، نرسا پور، سنگاریڈی، پٹن چیرو، میدک اسمبلی حلقوں میں زیادہ سے زیادہ اکثریت حاصل ہوگی۔ وہ اس بات کی کوشش کررہے ہیں کہ سدی پیٹ میں لوک سبھا کے امیدوار کو ایک لاکھ سے زائد اکثریت حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرتے ہوئے ہمیں یہ نشست کے سی آر کو بطور تحفہ پیش کرنی چاہیئے۔