تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا اتہ پتہ نہیں رہے گا

   

آر ٹی سی کی ہرتال سے کے سی آر کے زوال کا آغاز ، کھمم میں صدر بی جے پی ڈاکٹر کے لکشمن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ملازمین کی جاری غیر معینہ مدت کی بس ہڑتال سے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے زوال کا وقت آگیا ہے اور آئندہ دنوں میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی اور مسٹر چندر شیکھر راؤ کا ریاست میں اتہ پتہ بھی نہیں رہے گا ۔ آج کھمم ضلع مستقر پر واقع سری سری سرکل پر ضلع بی جے پی آفس بھون کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی و صدر ریاستی تلنگانہ بی جے پی ڈاکٹر کے لکشمن نے مذکورہ اظہار خیال کیا ۔ بعد ازاں ستو پلی میں بی جے پی کے زیر اہتمام ’ سمراشنکھا راوم ‘ کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سخت الفاظ میں کہا کہ مزدوروں سے ٹکرانے والے قائدین کبھی اپنے عہدوں پر برقرار نہیں رہے بلکہ مزدوروں کے مسائل کی یکسوئی بھی نہ کرنے والی سابقہ کئی حکومتیں روبہ زوال ہوچکی ہیں اور موجودہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی زیر قیادت مسٹر چندر شیکھر راؤ حکومت کا بھی وہی حشر ہونے کا انتباہ دیا ۔ ڈاکٹر لکشمن نے ریاستی وزراء کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محض مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ایماء پر ہی بعض ریاستی وزراء ہڑتالی ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کو اکسانے اور مشتعل ہونے جیسے بیانات دے رہے ہیں جو کہ ان کے لیے مناسب بات نہیں ہے ۔ اور اگر ریاستی وزراء کا یہی رویہ طرز عمل برقرار رہنے کی صورت میں بہت جلد ان وزراء کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔ صدر تلنگانہ ریاستی بی جے پی ڈاکٹر کے لکشمن نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کو چاند گہن لگ گیا ہے اور اس چاند گہن کے اثر سے ریاست تلنگانہ کو بی جے پی ہی نکال سکتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف منسٹر کے آمرانہ طرز عمل کی وجہ سے کوئی بھی قائد اپنی آواز بلند کرنے کے موقف میں نہیں ہے ۔ تاہم پائے جانے والے حالات کی روشنی میں بہت جلد تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں خاموش انقلاب آنے کے آثار دکھائی دے رہے ہیں ۔ اسی دوران سابق وزیر و قائد ریاستی بی جے پی شریمتی ڈی کے ارونا نے ریاستی حکومت کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت کے اقتدار سے بیدخل ہونے کے دن قریب آچکے ہیں ۔ انہوں نے کم از کم ہڑتال آر ٹی سی ملازمین کے واجب الادا تنخواہوں کی ادائیگی کے بغیر بعد بات چیت کے ذریعہ ہڑتال کے مسئلہ کی یکسوئی نہ کرتے ہوئے اپنا ہٹ دھرمانہ و آمرانہ طرز عمل اختیار کرنے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے رویہ کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ شریمتی ڈی کے ارونا نے عوامی جمہوریت کا قتل کرنے والے مسٹر چندر شیکھر راؤ کا ریاست سے صفایا کردینے کی تمام شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والوں سے پر زور اپیل کی ۔