تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے زوال کا آغاز: ایٹالہ راجندر

   

حضورآباد کی شکست کا بدلہ کے سی آر کسانوں سے لے رہے ہیں

حیدرآباد۔ /28 نومبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ انتخابات میں کے سی آر حکومت کا زوال یقینی ہے اور ریاست میں بی جے پی کا پرچم لہرائے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے کہا کہ عوام نے بی جے پی کو تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے متبادل کے طور پر قبول کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے غرور اور آمرانہ رویہ پر عوام انہیں سبق سکھانے کیلئے تیار ہیں اس کا مظاہرہ حضورآباد ضمنی چناؤ میں عوام کی جانب سے ہوچکا ہے۔ راجندر نے کہا کہ حضورآباد میں شکست سے برہم ہوکر کے سی آر نے کسانوں سے بدلہ لینے کیلئے دھان کی خریدی کو روک دیا ہے۔ حضورآباد شکست کا بدلہ ریاست بھر کے کسانوں سے لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی پیداوار کی خریدی کی ذمہ داری ریاستی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے چیف منسٹرس کی کارکردگی کے بارے میں قومی سطح پر کئے گئے تازہ ترین سروے میں کے سی آر کو غیر کارکرد چیف منسٹر بتایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر معاملہ میں ریاست کو نمبر ون قرار دینے والے چیف منسٹر خود کارکردگی میں ملک کے دیگر چیف منسٹرس سے کافی پیچھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے سی آر حکومت کی کارکردگی کا گہرائی سے جائزہ لے رہے ہیں اور وہ اسمبلی انتخابات میں اپنا فیصلہ سنائیں گے۔ راجندر نے کہا کہ حضورآباد کی شکست کے بعد کے سی آر سنبھل نہیں پارہے ہیں اور انہوں نے خود کو فارم ہاوز تک محدود کرلیا ہے۔ پارٹی قائدین میں بھی قیادت کے خلاف بے چینی میں اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے مجالس مقامی ایم ایل سی انتخابات میں کریم نگر سے آزاد امیدوار کی کامیابی کو یقینی قرار دیا۔ر