تلنگانہ میں پارلیمانی انتخابات کیلئے سکیورٹی کے وسیع انتظامات

   

65 ہزار سے زائد پولیس فورس کی تعیناتی، پارلیمانی حلقہ نظام آباد پر خاص توجہ

حیدرآباد ۔ /9 اپریل (سیاست نیوز) /11 اپریل کو منعقد ہونے والے پارلیمانی انتخابات کیلئے تلنگانہ پولیس نے سکیورٹی کے وسیع تر انتظامات کئے ہیں اور بھاری پولیس فورس بشمول نیم فوجی دستوں کو متعین کیا گیا ہے ۔ انتخابات کیلئے سکیورٹی کی تیاریوں کی تفصیلات میڈیا کو بتاتے ہوئے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس لا اینڈ آرڈر جیتندر نے کہا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے 65 ہزار سے زائد پولیس عملہ کو متعین کیا جارہا ہے ۔ راجستھان ، ہریانہ ، کرناٹک ، ہماچل پردیش اور جھارکھنڈ کی پولیس فورس کو بھی تعینات کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 34 ہزار 603 پولنگ مراکز ہے جن میں 5749 حساس مراکز ہیں۔ جیتندر نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کے دوران حلقہ پارلیمنٹ نظام آباد پر خاص توجہ مرکوز کی گئی ہے اور یہاں پر مزید پولیس فورسیس کو متعین کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس انتخابات کیلئے تیار ہے اور پولیس کی ٹیمیں ریاست بھر میں تلاشی مہم میں مصروف ہے ۔ مسٹر جیتندر نے کہا کہ انتخابات کیلئے جاری کئے گئے اعلامیہ سے اب تک ریاست بھر میں پولیس نے 37 کروڑ 76 لاکھ نقد رقم ضبط کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے 410 فلائینگ اسکواڈس ، 3453 موبائیل پارٹیز تشکیل دیئے گئے ہیں ۔ گزشتہ دنوں کی کارروائی میں پولیس نے 87411 افراد کو مچلکہ پابند کیا ہے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے 445 مقدمات درج کئے گئے ہیں اور 4008 غیرضمانتی وارنٹس تعمیل کئے گئے ہیں ۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس لا اینڈ آرڈر نے کہا کہ پولیس کی کارروائی کے دوران 1 کروڑ مالیتی شراب اور 28 لاکھ مالیتی کوکین اور گانجہ جیسے منشیات کو بھی ضبط کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پارلیمنٹ نظام آباد ایک حساس حلقہ مانا جارہا ہے کیونکہ یہاں کے 171 کسانوں نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے ۔ اس حلقہ میں انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے پولیس نے ڈی آئی جی سطح کے عہدیدار کو تعینات کیا ہے اور سکیورٹی کے موثر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ نیم فوجی دستوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے ۔