تلنگانہ میں پدا پلی اور ملگ میں دو نئے بس ڈپوز کے قیام کا فیصلہ

   

نئی بسوں کی خریدی اور ملازمین کے تقررات، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کا بیان
حیدرآباد۔/4ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے تلنگانہ میں آر ٹی سی کے دو نئے بس ڈپوز کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پدا پلی اور ملگ ضلع ہیڈکوارٹرس پر دو آر ٹی سی بس ڈپوز کے قیام کے ذریعہ اطراف کے اضلاع کے عوام کو سفر کی بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ گذشتہ دس تا پندرہ سال کے دوران ایک بھی نیا بس ڈپو قائم نہیں کیا گیا۔ ریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت نے نہ صرف آر ٹی سی کو خسارہ سے منافع بخش ادارہ میں تبدیل کرنے کی مساعی کی ہے بلکہ آر ٹی سی میں نئے تقررات، نئی بسوں کی خریدی، آر ٹی سی میں اصلاحات اور ورکرس کی بھلائی جیسے کئی قدم اٹھائے گئے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ ریاستی وزراء سیتکا اور سریدھر بابو کی مساعی پر پدا پلی اور ملگ میں نئے بس ڈپو قائم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پداپلی ایک صنعتی علاقہ ہے جبکہ ملگ میں قبائیلی عوام کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولتیں کم ہیں۔ عوام کی دشواریوں کو دیکھتے ہوئے آر ٹی سی نے نئے ڈپوز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کو منافع بخش ادارہ میں تبدیل کرتے ہوئے اس کا تحفظ کیا جائے گا۔ بی آر ایس دور حکومت میں آر ٹی سی کو نظرانداز کردیا گیا اور نقصانات میں مسلسل اضافہ ہورہا تھا۔ کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد آر ٹی سی کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔ پونم پربھاکر نے آر ٹی سی ملازمین کو تیقن دیا کہ حکومت ان کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے۔1