تلنگانہ میں پراجکٹس کے ڈیزائن کی تبدیلی میں چیف منسٹر اور افراد خاندان ملوث

   

پراجکٹس کے ری ڈیزائننگ کے نام پر رقومات کی لوٹ مار، ملوبٹی وکرامارکا کانگریس قائد کا الزام

حیدرآباد 25 اگسٹ (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں پراجکٹ کے تعمیری کاموں سے متعلق ڈیزائنس کی من مانی انداز میں تبدیل کرنے کا چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ اور ان کے افراد خاندان پر قائد کانگریس مقننہ پارٹی بٹی وکرامارکا نے الزام عائد کیا اور کہاکہ پراجکٹس کے ری ڈیزائنس کے نام پر اندھا دھند رقومات لوٹ رہے ہیں۔ ملو بٹی وکرامارکا قائد کانگریس پارٹی نے ان بے قاعدگیوں کے معاملوں پر کانگریس کا ایک وفد بہت جلد دہلی روانہ ہوکر مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ سے ملاقات کرکے سی بی آئی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کرے گا۔ آج اپنے حلقہ اسمبلی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ملوبٹی نے ریاست تلنگانہ میں بالخصوص چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی زیرقیادت حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ 28 ہزار کروڑ کی مالیت سے مکمل ہونے والے کالیشورم پراجکٹ کو ری ڈیزائن کے نام پر 80 ہزار کروڑ روپئے کے تخمینہ مصارف میں اضافہ کیا گیا۔ اسی طرح 1500 کروڑ روپیوں کے مصارف سے مکمل ہونے والے سیتاراما پراجکٹ کے تخمینی مصارف کو 15 ہزار کروڑ روپیوں کا اضافہ کیا گیا۔ اس طرح پراجکٹس کے ری ڈیزائن کے نام پر عوامی رقومات کو چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ اور ان کے افراد خاندان لوٹ رہے ہیں۔ بٹی وکرامارکا نے تلنگانہ حکومت کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محض اپنی اکثریت کی وجہ سے کسی اپوزیشن پارٹی کو خاطر میں بھی نہیں لارہی ہے۔ اور من مانی اقدامات کے لئے کوشاں ہے۔ اگر یہی سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں ریاست تلنگانہ مالی لحاظ سے دیوالیہ کا شکار ہوجائے گی لہذا ان تمام حالات سے ریاستی عوام کو واقف کروانے کیلئے کانگریس پارٹی مختلف پراجکٹس کیلئے اپنے دورہ پروگرام کا آغاز کرکے پراجکٹس کی تعمیرات میں جاری بے قاعدگیوں سے عوام کو واقف کروایا جائے گا۔