تلنگانہ میں پریمیم پٹرول کی قیمت سنچری مکمل کرچکی ہے

   

گذشتہ 10 دن سے 6 مرتبہ قیمتوں میں اضافہ ، عام شہریوں پر 25 کروڑ کا بوجھ
حیدرآباد :۔ ریاست میں دن بہ دن پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے جس سے غریب و متوسط طبقہ پر زائد مالی بوجھ عائد ہورہا ہے ۔ عالمی مارکٹ میں خام تیل کی قیمتوں کے لحاظ سے ملک کی پٹرولیم کمپنیاں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کررہی ہیں ۔ ریاست میں پریمیم پٹرول کی قیمت پہلی مرتبہ 100 روپئے کے ہندسے کو عبور کرچکی ہیں ۔ عام پٹرول کی قیمت فی لیٹر 100 روپئے کے قریب ہے ۔ گذشتہ 10 دن کے دوران آئیل کمپنیوں کی جانب سے 6 مرتبہ قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ۔ منگل کے دن 28 پیسوں کا اضافہ کیا گیا ۔ دس دن قبل فی لیٹر پٹرول کی قیمت 94.86 روپئے تھی جو اب بڑھ کر حیدرآباد میں 96.50 روپئے فی لیٹر پٹرول دستیاب ہورہا ہے ۔ یعنی 1.64 روپئے کا اضافہ ہوا ہے ۔ ساتھ ہی انڈین آئیل کارپوریشن کی جانب سے سربراہ کئے جانے والے ایکسٹرا پریمیم فی لیٹر پٹرول کی قیمت 100.63 روپئے ہوگئی ہے ۔ پاور پٹرول فی لیٹر کی قیمت 100.13 روپئے جبکہ بی پی ایل اسپیڈ فی لیٹر پٹرول کی قیمت 99.09 روپئے ہوگئی ۔ پٹرول کے ساتھ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ دس دن قبل ڈیزل فی لیٹر 90.73 روپئے فروخت ہورہا تھا ۔ اس میں 1.93 روپئے کا اضافہ ہوا ہے ۔ فی الحال 91.04 روپئے میں فی لیٹر فروخت ہورہا ہے ۔ ان دس دنوں میں پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں جو اضافہ ہوا ہے ۔ اس سے عام شہریوں پر 25 کروڑ روپئے کا اضافی مالی بوجھ عائد ہوا ہے ۔ اس طرح ریاست کے ہر شہری پر تقریبا پٹرول اور ڈیزل کے استعمال میں 2 ہزار روپئے کا زیادہ بوجھ عائد ہورہا ہے ۔ ریاست میں عام پٹرول 96.50 روپئے اور ڈیزل 91.04 روپئے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے ۔۔