تلنگانہ میں پرینکا گاندھی و امیت شاہ کے امکانی دورہ کے سلسلہ میں سرگرمیاں

   

30 جولائی کو محبوب نگر میں کانگریس جلسہ عام کا فیصلہ،29 کو امیت شاہ کا دورہ کھمم ملتوی ہوسکتا ہے
حیدرآباد۔/23 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس اور بی جے پی نے قومی قائدین کے ذریعہ انتخابی مہم میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنرل سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی پرینکا گاندھی 30 جولائی کو محبوب نگر میں جلسہ عام سے خطاب کرسکتی ہیں تاہم پارٹی ہائی کمان نے پروگرام کو قطعیت نہیں دی ہے۔ دوسری طرف مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا 29 جولائی کو دورہ تلنگانہ پھر ایک بار ملتوی ہوسکتا ہے کیونکہ منی پور کے حالات کے پس منظر میں مقامی قائدین نے امیت شاہ کے دورہ کی مخالفت کی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ جون میں کھمم ضلع میں جلسہ عام سے خطاب کرنے والے تھے لیکن گجرات میں طوفان کے سبب جلسہ عام کو ملتوی کردیا گیا تھا۔ بنڈی سنجے کی بی جے پی صدر کی حیثیت سے تبدیلی اور کشن ریڈی کے تقرر کے بعد امیت شاہ کے 29 جولائی کو دورہ کا پروگرام بنایا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ منی پور کی صورتحال، پارلیمنٹ سیشن اور تلنگانہ میں بارش کے پیش نظر امیت شاہ کا دورہ پھر ایک بار ملتوی ہونے کا امکان ہے۔ امیت شاہ کو منی پور کی صورتحال پر جواب دینے کیلئے پارلیمنٹ میں موجود رہنا ضروری ہے۔ تلنگانہ میں شدید بارش سے کئی اضلاع متاثر ہیں اور بھدرا چلم کے قریب گوداوری کی سطح میں اضافہ سے کئی مواضعات پانی میں گھِر چکے ہیں۔ بی جے پی ذرائع کا کہنا ہے کہ امیت شاہ کے دورہ کے بارے میں آئندہ دو دنوں میں صورتحال واضح ہوگی۔ دوسری طرف کانگریس پارٹی نے کھمم کی طرز پر محبوب نگر میں جلسہ عام کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق وزیر جوپلی کرشنا راؤ، بی آر ایس کے رکن کونسل دامودھر ریڈی اور دیگر قائدین کی شمولیت کے ضمن میں یہ جلسہ عام طئے کیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ہائی کمان کو 30 جولائی کی تاریخ سے واقف کرایا ہے تاہم ہائی کمان نے ابھی تک پروگرام کو منظوری نہیں دی۔ قبل ازیں 20 جولائی کو پرینکا گاندھی کے بیرونی دورہ کے سبب جلسہ عام ملتوی کیا گیا تھا۔