تلنگانہ میں پلے پرگتی اسکیم پر عمل آوری کو مرکزی وزیر کی ستائش

   

مرکزی پنچایت راج کی حیدرآباد آمد، مختلف اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ
حیدرآباد۔3 ۔ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر پنچایت راج کپل مہیشور پاٹل نے کہا کہ تلنگانہ میں پلے پرگتی پروگرام کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور اس پروگرام کے ذریعہ کئی برسوں سے زیر التواء مسائل کی یکسوئی ممکن ہوسکی اور یہ دیہی علاقوںکی ترقی میں معاون ثابت ہوئی ہے۔ مرکزی وزیر ان دنوں حیدرآباد کے دورہ پر ہے۔ ریاستی وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے مرکزی وزیر سے ملاقات کی اور پنچایت راج اداروں اور دیہی علاقوں کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا۔ سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ کے ہمراہ دیاکر راؤ نے مرکزی وزیر کو تلنگانہ میں عمل کی جارہی اسکیمات سے واقف کرایا۔ مرکزی وزیر نے پنچایتوں کی ترقی اور دیہی علاقوں میں عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی سے متعلق اسکیمات کی ستائش کی۔ انہوں نے مرکزی حکومت کی ضمانت روزگار اسکیم پر عمل آوری کے لئے تلنگانہ حکومت کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی ضمانت روزگار اسکیم کے ذریعہ تلنگانہ میں عوام کی سہولت کو پیش نظر رکھتے ہوئے مختلف کام انجام دیئے گئے ہیں۔ ریاستی وزیر دیاکر راؤ نے 14 ویں فینانس کمیشن اور 15 ویں فینانس کمیشن کی سفارش کردہ رقومات دیہی ترقی کیلئے جاری کرنے کی درخواست کی۔ مرکزی وزیر نے اس سلسلہ میں ہمدردانہ غور کا تیقن دیا ۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ ریاست میں ایک ہزار گرام پنچایت عمارتوں کی تعمیر کیلئے مرکز سے 200 کروڑ روپئے منظور کئے جائیں۔ R

انہوں نے گرام پنچایتوں میں کام کرنے والے سکریٹریز اور دیگر ملازمین کیلئے رہائشی کوارٹرس کی تعمیر کا مشورہ دیا۔ مرکزی وزیر نے بھونگیر ضلع کا دورہ کرتے ہوئے مرکزی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا ۔ R