حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے پنچایت راج انتخابات کو کورونا وباء کے پیش نظر ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تنگانہ میں سرپنچ کی 124 نشستوں کے علاوہ 2280 وارڈ ممبرس کے عہدوں کیلئے انتخابات باقی ہیں۔ اس کے علاوہ منڈل پریشد کی دو ، ضلع پریشد کی ایک نشست کیلئے ضمنی چناؤ باقی ہے۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی نے انتخابات کے التواء کا اعلان کیا اور کہا کہ کورونا کی صورتحال میں بہتری کے بعد اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ الیکشن حکام نے نوٹیفکیشن کی اجرائی کی تیاریاں مکمل کرلی تھیں۔ پارتھا سارتھی نے کہا کہ انتخابات کے سلسلہ میں فیصلہ سے قبل محکمہ صحت سے مشاورت کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ حالیہ مجالس مقامی کے انتخابات کے انعقاد پر تلنگانہ ہائی کورٹ نے کمیشن پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔