تلنگانہ میں پُرامن ماحول بگاڑنے کی کوششوں کے خلاف انتباہ

   

Ferty9 Clinic


مدھیہ پردیش کی طرح ریلی کی مخالفت، نائب صدر گریٹر کانگریس راشد خاں کا بیان
حیدرآباد۔ کانگریس پارٹی نے بی جے پی اور سنگھ پریوار کی تنظیموں کو تلنگانہ میں پُرامن ماحول بگاڑنے کی کوششوں کے خلاف انتباہ دیا ہے۔ نائب صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی راشد خاں پرویز نے مدھیہ پردیش میں حال ہی میں آر ایس ایس کی ریلی کے موقع پر مسجد اور مسلمانوں کے مکانات کو نشانہ بنانے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اندور کے قریب رام مندر کی تعمیر کیلئے فنڈز جمع کرنے کے نام پر نکالی گئی ریلی میں مسجد کے علاوہ مسلمانوں کے مکانات پر حملے کرتے ہوئے خوف و دہشت کا ماحول پیدا کیا گیا۔ آر ایس ایس اور دیگر تنظیمیں ملک کے دیگر علاقوں میں بھی اس طرح کے جلوس نکالنے کا منصوبہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے پُرامن ماحول کو بگاڑنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔ بی جے پی اور سنگھ پریوار کو تلنگانہ میں اس طرح کے کسی بھی جلوس کا خیال ترک کردینا چاہیئے۔ کانگریس پارٹی اس طرح کی کسی بھی کوشش کی سختی سے مخالفت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس سیکولر نظریات پر سختی سے کاربند ہے اور وہ ماحول بگاڑنے کی کوششوں کی مخالفت کرے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو مستحکم کریں تاکہ سیکولرازم کا تحفظ ہوسکے۔