کیان اور کنٹینرس کے استعمال پر پابندی ، ریاست میں 65 دن کا اسٹاک موجود، شہر کے تمام 596 پٹرول پمپس کھلے ہیں
حیدرآباد ۔25 ۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں پٹرول ، ڈیزل اور ایل پی جی کی کوئی قلت نہیں ہے۔ انہوں نے قلت کے بارے میں افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے عوام کو بھروسہ دلایا کہ پٹرول ، ڈیزل اور ایل پی جی کا مناسب اسٹاک دستیاب ہے اور عوام کو خوف کے عالم میں خریداری سے گریز کرنا چاہئے۔ گزشتہ چند دنوں سے پٹرول ، ڈیزل اور ایل پی جی کی قلت کا عوام کو سامنا کرنا پڑا اور پٹرول پمپس پر گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔ اس صورتحال میں وزیر سیول سپلائیز نے عوام کو یقین دلایا کہ ریاست میں پٹرولیم پروڈکٹس کی کوئی کمی نہیں ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ تین ماہ کا اسٹاک تلنگانہ میں موجود ہے اور سربراہی طلب کے اعتبار سے انجام دی جارہی ہے۔ کمشنر سیول سپلائیز اسٹیفن رویندرا کے ہمراہ اتم کمار ریڈی نے میڈیا کو پٹرولیم اشیاء اور گیاس کے موقف سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ آئیل مارکیٹنگ کمپنیاں انڈین آئیل کارپوریشن ، بھارت پٹرولیم کارپوریشن اور ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن نے مناسب سربراہی کو یقینی بنایا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چہارشنبہ کے دن ریاست میں 17246 کیلو لیٹر پٹرولیم پروڈکٹس کی طلب ریکارڈ کی گئی اور کمپنیوں نے 17898 کیلو لیٹر سربراہ کیا ہے جو 652 کیلو لیٹر زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے خوف اور اندیشوں کے تحت روزانہ طلب میں 25 فیصد کا اضافہ ہوا اور حکام کی جانب سے 22 فیصد سے زائد کی تکمیل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم پروڈکٹس کی سربراہی طلب سے کہیں زیادہ ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 16,000 کیلو لیٹر بفر اسٹاک کا انتظام کیا گیا ہے اور 1200 اضافی ٹینکرس کی خدمات حاصل کرتے ہوئے موثر سربراہی انجام دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹینکرس کے بروقت نہ پہنچنے کے نتیجہ میں بعض پٹرول پمپس پر نو اسٹاک کے بورڈ آویزاں کئے گئے ۔ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کے حصول کیلئے کیان اور کنٹینرس کے استعمال کا سختی سے نوٹ لیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ کار غیر قانونی اور نقصان دہ ہے ۔ عہدیداروں کی جانب سے کنٹینرس اور کیانس میں پٹرول اور ڈیزل کے حصول کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کیلئے کیان اور کنٹینرس کے استعمال کو روکنے کیلئے عہدیداروں کو سخت ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خوف و اندیشہ کے تحت خریداری سے گریز کریں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔ قومی اور ریاستی سطح پر پٹرولیم اشیاء کی صورتحال معمول کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کسی بھی مقام پر قلت نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اہم شہروں جیسے احمد آباد ، سورت ، بنگلور ، دھارواڑ اور بیلگام میں عوام خوف و اندیشہ کے تحت خریداری میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی این جی اور ایل پی جی کی سربراہی کا موقف مستحکم ہے۔ پٹرولیم اشیاء کا ذخیرہ 60 تا 65 دن کیلئے کافی رہے گا۔ ایل پی جی سربراہی پر اتم کمار ریڈی نے وضاحت کی کہ گھریلو ایل پی جی سلینڈرس کی کوئی قلت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سے بہتر سربراہی کی نمائندگی کی گئی ہے۔ حکام نے غیر قانونی طور پر استعمال کئے جانے والے 2952 کمرشیل سلینڈرس کو ضبط کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں 596 پٹرول پمپس ہیں اور تمام کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی پٹرول پمپس کو بند کرنے کی اجازت نہیں رہے گی ۔ عہدیداروں کی جانب سے ایل بی نگر اور دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے پٹرول پمپس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیول سپلائیز ڈپارٹمنٹ نے موثر نگرانی کے لئے کنٹرول رومس قائم کئے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پٹرول پمپس پر عوام کا ہجوم محض خوف اور اندیشہ کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خوفزدہ نہ ہوں اور پٹرول و ڈیزل کی ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں۔1