حیدرآباد 13 فروری (سیاست نیوز) منی کونڈہ میونسپلٹی کی بائیو ڈائیور سٹی مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے تلنگانہ بائیو ڈائیور سٹی بورڈ اور دھرونش آرگنائزیشن کے اشتراک سے تلنگانہ میں پہلی مرتبہ جملہ سات جھیلوں میں آبی پرندوں کی پرندہ شماری کی گئی۔ ان جھلوں میں جہاں پرندہ شماری منعقد کی گئی، نیک نام پور جھیل، موشکی چیرو، پیران چیرو، الوال چیرو اور چنتل چیرو شامل ہیں۔ یہ بورڈ ملک میں پہلی مرتبہ کی جانے والی پرندہ شماری میں شامل ہے جسے نیشنل بائیو ڈائیورسٹی اتھاریٹی کی جانب سے ویٹ لینڈس انٹرنیشنل ساؤتھ ایشیاء اور بامبے نیچرل ہسٹری سوسائٹی کے تعاون و اشتراک سے شروع کیا جارہا ہے۔ اس کے لئے بورڈ نے ریاست میں سائیٹس کی نشاندہی کی ہے اور متعلقہ بائیو ڈائیور سٹی مینجمنٹ کمیٹی ممبرس کو ہدایت دی کہ سالانہ واٹر برڈ سنسیس (AWC) 2022 میں سرگرم حصہ لیں۔ اس نے اے ڈبلیو سی اور دکن برڈس کے اشتراک سے طلبہ، بی ایم سی ممبرس اور اس پرندہ شماری کے کام میں حصہ لینے والے والینٹرس کے لئے ورچول ٹریننگ سیشنس بھی منعقد کئے۔ اس سینسیس میں ریاست بھر سے تقریباً 50 بی ایم سی ممبرس اور 100 طلبہ حصہ لے رہے ہیں۔ بورڈ کے ایک نوٹ میں یہ بات بتائی گئی۔ اے ڈبلیو سی، انٹرنیشنل واٹر برڈ سینسیس (IWC) کا حصہ ہے جو آبی پرندوں کی تعداد شمار کرنے کے لئے ایک سائیٹ پر مبنی اسکیم ہے۔ اس کا اہتمام ویٹ لینڈس انٹرنیشنل کی جانب سے 1967 ء سے کیا جارہا ہے جس کا مقصد آبی پرندوں کی تعداد کی نگرانی کرنا، بین الاقوامی اہمیت کے ویٹ لینڈس کی نشاندہی کرنا اور آبی پرندوں کے تحفظ میں معاون معلومات فراہم کرنا ہے۔ منی کونڈہ میونسپلٹی حدود میں کل صبح 7 تا 9 بجے منعقد آبی پرندہ شماری میں ریجنل کوآرڈی نیٹر، تلنگانہ اسٹیٹ بائیو ڈائیورسٹی بورڈ، شلپی شرما، کمشنر منی کونڈہ میونسپلٹی کے پھلکن کمار اور دوسرے نے حصہ لیا۔