تلنگانہ میں پہلی مرتبہ سیب کی کاشت

,

   

کسان نے پہلی فصل چیف منسٹر کو بطور تحفہ پیش کی
حیدرآباد 2 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں پہلی مرتبہ سیب کی کاشت شروع ہوئی ہے۔ آصف آباد کمرم بھیم کے کسان کے بالاجی نے سیب کی پیداوار کا کامیاب تجربہ کیا اور بہتر فصل تیار کی۔ کسان نے آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی اور سیب کی پہلی پیداوار پر مشتمل باکس اور سیب کا ایک پودا بطور تحفہ پیش کیا ۔ یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر بالاجی نے یہ تحفہ پیش کرکے چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ آصف آباد کمرم بھیم ضلع کے کیرا میرا منڈل کے موضع دھنورا میں دو ایکر اراضی پر HR99 سیب کی کاشت کر رہے ہیں۔ محکمہ ہارٹیکلچر سے انہیں تعاون مل رہا ہے ۔ بالاجی نے کہا کہ چیف منسٹر کی حوصلہ افزائی سے وہ سیب کی کاشت پر زیادہ توجہ کرینگے ۔ چیف منسٹر نے بالاجی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ تلنگانہ میں مختلف انواع کی مٹی ہے ۔ریاست میں سیب کی کاشت ثبوت ہے کہ تلنگانہ کی زمین ہر فصل کیلئے سازگار ہے۔ ریاست میں پہلی مرتبہ سیب کی کاشت کا آغاز ہوا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ دیگر کسان بھی سیب کی کاشت کو اختیار کریں گے ۔