حیدرآباد۔ تلنگانہ میں پیاز کی قیمتوں میں کمی درج کی گئی ہے ۔پڑوسی ریاست مہاراشٹرمیں کورونا کے معاملات میں کافی اضافہ کے پیش نظر وہاں کے پیاز کے تاجروں نے اپنی پیدوار کو حیدرآباد منتقل کردیا۔شہر کی بوئن پلی مارکٹ کو روزانہ معمول کے مطابق 6000کوئنٹل پیاز درآمد کی جاتی ہے تاہم چاردنوں سے 9000کوئنٹل پیاز درآمد کی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں ہول سیل میں گھر کے باورچی خانہ کی لازمی شئے 15روپئے فی کیلوکے حساب سے فروخت کی جارہی ہے ۔ریٹیل میں یہ پیاز فی کیلو20روپئے کے حساب سے فروخت کی جارہی ہے ۔پیاز کی قیمت میں کمی سے متوسط طبقہ نے راحت کی سانس لی ہے جو پہلے ہی پٹرول،ڈیزل کی قیمتوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے کافی پریشان تھا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ پیاز ہر گھر کے باورچی خانہ کی ضرورت ہوتی ہے لیکن اس کے دام بڑھنے سے گھر چلانے کا بجٹ بڑھ گیا تھا تاہم ایک مرتبہ قیمت میں کمی ہوئی ہے جو اچھی بات ہے ۔انہوں نے کہاکہ پیاز کے بغیر سالن کا تصور بھی محال ہے اور سالن کے بغیر پکوان مکمل نہیں ہے ۔ حیدرآباد وتلنگانہ کے اضلاع میں پیاز کی بڑی تعداد مہاراشٹر سے آتی ہے ۔ملک میں سب سے زیادہ پیاز مہاراشٹر میں ہی ہوتی ہے ۔ پیاز کی قیمت میں اضافہ نے جہاں عام آدمی کے لئے مشکل کھڑی کردی تھی وہیں پیاز کے بڑے خریدار بھی پران بڑھتی قیمتوں سے پریشان تھے تاہم ایک مرتبہ پھر قیمت میں کمی درج کی گئی ہے ۔ پیاز کی درآمدمیں جب اضافہ ہوتا ہے تو اس کی قیمت میں خود بخود کمی آجاتی ہے اورجب درآمدمیں کمی ہوتی ہے تو قیمتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے۔پیازکی قیمت میں اضافہ ہوچکا تھا اور لوگ ضرورت کے مطابق پیازخریدنے کو ترجیح دے رہے تھے ۔