تلنگانہ میں پیاز کی قیمت میں مزیداضافہ کا اندیشہ

,

   

ذخیرہ اندوزی اور کالا بازاری کے خلاف فوری کارروائی ضروری

حیدرآباد۔ ریاست میں پیاز کی قیمتوں میں آئندہ دو ہفتوں کے دوران مزید اضافہ ریکار ڈ کئے جانے کا خدشہ ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اگر فوری طور پر ذخیرہ اندوزی اور کالا بازاری پر روک لگانے کے اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں ریاست تلنگانہ میں ماہ مارچ کے دوسرے ہفتہ میں پیاز کی قیمت 50 روپئے سے تجاوز کرجائے گی اور تین ماہ تک پیاز کی قیمتوں پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ شہر حیدرآباد میں محبوب گنج ملک پیٹ میں جہاں یومیہ 10ہزار کنٹل پیاز ملک کی مختلف ریاستوں سے پہنچتی ہے اس میں گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور کہا جا رہاہے کہ حالیہ دنوں میں یومیہ 10ہزار کنٹل کے بجائے 5ہزار کنٹل پیاز ہی پہنچ پا رہی ہے جس کی وجہ سے پیاز کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے ۔ دونوں شہروںحیدرآبادو سکندرآباد میں پیاز کی قیمت 25تا35 روپئے فی کیلو ریکارڈ کی جار ہی ہے لیکن اگر کالا بازاری اور ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے کے اقدامات فوری اثر کے ساتھ نہیں کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں آئندہ دو ہفتوں کے دوران شہر حیدرآباد میں پیاز کی قیمت 50 روپئے سے تجاوز کرجائے گی۔ تلنگانہ میں پیاز کی پیداوار میں کمی کے سبب ریاست تلنگانہ کو مدھیہ پردیش ‘ مہاراشٹرا ‘ آندھراپردیش کے علاوہ کرناٹک سے پیاز پہنچتی ہے اور دوسری ریاستوں سے پیاز کی وافر مقدار کے سبب گذشتہ چند ماہ کے دوران پیاز کی قیمت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی تھی لیکن پچھلے ایک ماہ سے پیاز کی قیمت میں بتدریج اضافہ ہونے لگا ہے اور ذرائع کے مطابق پیاز کی قیمتوں میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے شہر حیدرآباد میں ٹھوک تاجرین کی جانب سے پیاز کی ذخیرہ اندوزی کی جانے لگی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ موسم گرما میں پیاز کے خراب ہونے کے امکانات بھی نہیں ہوتے اسی لئے ٹھوک تاجرین موسم کا فائدہ اور پیاز کی پیداوار میں ہونے والی قلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ کرنے لگے ہیں۔ محکمہ باغبانی اور زراعت کی جانب سے اگر فوری کاروائی کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے اقدامات کئے جاتے ہیں تو ریاست میں پیاز کی قیمت پر قابو پانے میں بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوسکتی ہے اور عوام کو ٹھگنے کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے حکومت ریاست میں پیاز کی قیمت میں من مانی اضافہ کو روکنے میں کامیاب ہوسکتی ہے۔