حیدرآباد 9 فروری (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ ریاست میں پیاز کے بیج کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے ناسک کے ادارہ نیشنل ہارٹیکلچرل ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن (NHRDF) کے ساتھ فروری میں ایک معاہدہ کرے گی۔ اس معاہدہ کے مطابق این ایچ آر ڈی ایف کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے لئے پیاز کی اقسام کے بیج فراہم کئے جائیں گے۔ تلنگانہ اسٹیٹ سیڈس ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ (TSSDC) کے منیجنگ ڈائرکٹر کے کیشولو کی قیادت میں عہدیداروں کی ایک ٹیم نے منگل کو ناسک میں اس ادارہ کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کئے جارہے کام کو دیکھا۔ اس معاہدہ پر تلنگانہ کے وزیر زراعت سنگھ ریڈی نرنجن ریڈی دستخط کریں گے جس کا مقصد تلنگانہ کے کسانوں کو پیاز کے معیاری بیج فراہم کرنا ہے تاکہ ریاست میں پیاز کی پیداوار میں اضافہ ہو اس کی قلت نہ رہے۔ حکومت تلنگانہ NHRDF کی مدد سے غذائی اجناس، دالوں اور ترکاریوں کے بیج کی پیداوار میں بہتری لانے کی بھی خواہاں ہے۔ تلنگانہ میں پیاز کی کاشت کے لئے کافی موقع ہے۔ اس لئے ٹی ایس ایس ڈی سی نے سابق اضلاع محبوب نگر، عادل آباد اور نظام آباد میں پیاز کے بیج کی پیداوار شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ابتداء میں بلب پروڈکشن موسم ربیع میں ونپرتی میں کیا جائے گا۔ اس کے بعد خریف میں بیج کی پیداوار عادل آباد اور نظام آباد میں کی جائے گی۔ کیشولو نے کہاکہ 2021 ء تک تلنگانہ میں صارفین کے لئے کافی پیاز دستیاب ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ پیاز کے بیج کسانوں کو سبسیڈی پر فراہم کئے جائیں گے۔