تلنگانہ میں چھوٹی رقم کے اسٹامپ پیپرس کی شدید قلت

   

10، 20اور 50 روپئے اسٹامپ ڈیوٹی کیلئے لوگ 100 روپئے کے اسٹامپ پیپرس خریدنے پر مجبور
حیدرآباد ۔ تلنگانہ ضرورت مند لوگوں کو چھوٹی رقم کے اسٹامپ پیپرس جیسے 10 روپئے 20 روپئے اور 50 روپئے کے اسٹامپ پیپرس کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔ اس قلت کی وجہ لوگ مجبوراً 100 روپئے کے اسٹامپ پیپرس خرید رہے ہیں ۔ دفاتر سب رجسٹرار یا اسٹامپ وینڈرس کے پاس صرف 100 روپئے کے اسٹامپ پیپرس ہی مل رہے ہیں ۔ چھوٹی رقم کے اسٹامپ پیپرس کو سرکاری اداروں سے سرٹیفکیٹس حاصل کرنے عدالت کے کاموں ، طلبہ کی جانب سے اسکالرشپ درخواست دینے اور دوسرے دستاویزی کاموں کیلئے استعمال کیا جاتا ہے ۔ اب صارفین کو ہر درخواست یا دستاویز کیلئے بلالحاظ اس کی اسٹامپ ڈیوٹی ضرورت 100 روپئے کے اسٹامپ پیپرس کا استعمال کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے ۔ تلنگانہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس ڈپارٹمنٹ کا دعوی ہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے 10 ، 20 اور 50 روپئے کے نام جوڈیشل اسٹامپ پیپرس فراہم کئے جارہے ہیں ۔ لیکن دفاتر سب رجسٹرار یا اسٹامپ وینڈرس کے پاس صورتحال بہت مختلف ہے ۔ لوگوں نے کہا کہ اگر دستاویز کیلئے صرف 10 روپئے یا 20 روپئے کے اسٹامپ ڈیوٹی کی ضرورت ہوتو بھی چھوٹی رقم کے ا سٹامپ پیپرس کی عدم دستیابی کے باعث ہم کو 100 روپئے کے اسٹامپ پیپرس خریدنا پڑتا ہے ۔ خود حکومت چھوٹی رقم کے اسٹامپ پیپرس کو بند کردیتی ہے تاکہ لوگ بڑی رقم کے اسٹامپ پیپرس خریدیں اس طرح حکومت کو زیادہ آمدنی ہو ۔