تلنگانہ میں چھٹی تا آٹھویں جماعتوں کا آج سے دوبارہ آغاز

,

   

وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کا بیان، کورونا قواعد پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت

حیدرآباد۔ ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ تعلیم کی تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد 24فروری سے چھٹی تا آٹھویں جماعت کے طلبہ کے لئے بھی باضابطہ تعلیم کے آغاز کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ تلنگانہ میں 24 فروری سے تمام اسکولوں میں موجود 6 ویں جماعت تا 8 ویں جماعت کے لئے بھی تعلیمی سرگرمیاں شروع کردی جائیں گی لیکن ان باضابطہ کلاسس میں شرکت کیلئے تمام طلبہ کو والدین اور سرپرستوں کی جانب سے رضامندی کا مکتوب داخل کرنا ہوگا اور جن طلبہ کے والدین اور سرپرست اپنے بچوں کو اسکول روانہ کرنے کے لئے راضی ہیں ان کو ہی کلاسس میں شرکت کی اجازت حاصل رہے گی اور اسکولوں پر لازمی ہوگا کہ وہ ایک جماعت میں 20 سے زائد طلبہ کو نہ بٹھائیں اور اور سابق میں جاری کئے گئے کورونا وائرس کے تمام رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کو یقینی بنائیں ۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے محکمہ تعلیم کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد یہ احکام جاری کئے ہیں اور ان احکامات کے متعلق ریاستی وزیر تعلیم مسز سبیتا اندراریڈی نے اعلان کیا۔ چیف سیکریٹری تلنگانہ مسٹر سومیش کمار نے ریاست کے تمام ضلع کلکٹرس ‘ محکمہ صحت ‘ محکمہ تعلیم کے علاوہ دیگر عہدیداروں کے ہمراہ ٹیلی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 24 فروری سے اسکولوں میں باضابطہ تعلیم چھٹی تا آٹھویں جماعت تک کے لئے شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ اس اعلان کے ساتھ ہی 17لاکھ 24 ہزار طلبہ اسکولوں کو پہنچنا شروع ہوجائیں گے لیکن ان طلبہ کے لئے اسکولوں میں تمام حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے علاوہ انہیں بہتر سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ یکم فروری کو نویں اور دسویں جماعت کی باضابطہ کلاسس کے آغاز کے لئے جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے تھے ان پر مؤثر عمل آوری کو لازمی بنایا جائے ۔ مسٹر سومیش کمار نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع میں ڈسٹرکٹ لیول ایجوکیشن مانیٹرنگ کمیٹی کو متحرک کرتے ہوئے اس بات کا جائزہ لیں کہ تمام اسکولوں میں کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر عمل آوری کی جارہی ہے یا نہیں اور جن اسکولوں میں ان رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری نہیں کی جارہی ہے ان کے خلاف کاروائی سے گریز نہ کریں۔ چیف سیکریٹری کی جانب سے ٹیلی کانفرنس کے انعقاد کے موقع پر ان کے ہمراہ مسٹر راہول بوجا‘ مسٹر بی وینکٹیشم‘ جناب سید علی مرتضیٰ رضوی کے علاوہ جناب سید احمد ندیم اور شریمتی دیو سینا اور دیگر عہدیدارموجود تھے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں احکامات کی اجرائی کے ساتھ تمام سرکاری‘ غیر سرکاری‘ امدادی‘ کیندرودیالیہ کے علاوہ خانگی اسکولوں کے انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے اسکولوں میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے علاوہ کورونا وائرس کے پیش نظر جاری کئے گئے رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔