حیدرآباد۔ 12فروری (یو این آئی) تلنگانہ حکومت مزید سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی مسلسل مساعی کررہی ہے ۔ اس کی کوششوں کے نتیجہ میں امیزان کمپنی نے ریاست میں سرمایہ کاری اور ڈاٹا سنٹرس کے قیام کیلئے رضامندی ظاہر کردی ہے ۔ پہلا ڈاٹا سنٹر ضلع رنگاریڈی کے کندوکور منڈل اور دوسرا شاہ آباد منڈل میں قائم کیا جائے گا۔ کندوکور میں یہ مرکز 82,883.5 مربع فیٹ اور شاہ آباد میں 66,003 مربع فیٹ پر قائم کیا جائے گا۔ 11,624 کروڑ روپئے کی بھاری سرمایہ کاری سے یہ سنٹرس قائم کئے جائیں گے ۔ کمپنی کا پہلے ہی امریکہ کے باہر حیدرآباد میں سب سے بڑا کیمپس ہے ، کتور میں اس کا ایک بڑا فل فلمنٹ سنٹر بھی ہے ۔ 2015ء میں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی تارک راما راؤ نے امریکہ میں کمپنی کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں ڈاٹا سنٹر کے قیام کی درخواست کی تھی۔ حال ہی میں انہوں نے عالمی معاشی فورم کے اجلاس میں بھی کمپنی کے وفد سے اس سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا۔