تلنگانہ میں ڈاکٹرس کے وظیفہ کی حد عمر 65 سال

   

Ferty9 Clinic

نئے میڈیکل کالجس اور میڈیکل نشستوں میں اضافہ کے پیش نظر حکومت کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ ریاستی حکومت ریاست کے گورنمنٹ ٹیچنگ ہاسپٹلس میں خدمات انجام دینے والے میڈیکل اساتذہ ( پروفیسرس ) کے لیے وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی کی حد عمر 58 سال سے بڑھا کر 65 سال کرنے کے لیے بہت جلد موثر اقدامات کرے گی ۔ ریاستی وزیر صحت وطبابت تلنگانہ مسٹر ای راجندر نے اس بات کا انکشاف کیا ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں نئے میڈیکل کالجوں اور میڈیکل نشستوں میں ہونے والے اضافہ کی وجہ سے دیرینہ تجربہ کار پروفیسر کی کافی کمی پائی جارہی ہے اور اس کمی کو پورا کرنے کے لیے ہی حکومت بہت جلد گورنمنٹ ٹیچنگ ہاسپٹلس میں خدمات انجام دینے والے پروفیسرس کے لیے وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی کی عمر کو 58 سال سے بڑھا کر 65 سال کرنے کے اقدامات کرے گی اور حکومت نے اس سلسلہ میں فیصلہ بھی کرچکی ہے ۔ وزیر صحت و طبابت نے بتایا کہ وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہونے کی حد عمر میں اضافہ کرنے کے فیصلہ پر اس سال سے عمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ہی نلگنڈہ ، سوریا پیٹ اور سدی پیٹ ، محبوب نگر و دیگر اضلاع میں نئے میڈیکل کالجس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور بھی مزید نئے کالجوں کا قیام عمل میں لانے کی تلنگانہ حکومت نہ صرف تجویز رکھی ہے بلکہ کوشاں ہے ۔ مسٹر ای راجندر نے بتایا کہ جاریہ تعلیمی سال سے ہی محبوب نگر اور سوریہ پیٹ میڈیکل کالجوں میں کلاسیس کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ علاوہ ازیں حیدرآباد میں پائے جانے والے عثمانیہ ہاسپٹل اور گاندھی ہاسپٹل میں نئے تین ہزار بستر اضافہ کئے جارہے ہیں ۔ مسٹر ای راجندر وزیر صحت و طبابت نے مزید بتایاکہ ریاست کے گورنمنٹ ٹیچنگ ہاسپٹلس میں خدمات انجام دینے والے پروفیسرس کے لیے وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی کی حد عمر میں 58 سال سے بڑھا کر 65 سال کرنے سے متعلق فائل پر چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دستخط ثبت کردی ہے ۔۔