تلنگانہ میں کارپوریٹ طرز کے پولیس اسٹیشنس تعمیر کرنے محمد محمود علی کا دعویٰ

   

لاء اینڈ آرڈر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ایس آرنگر میں نئی پولیس اسٹیشن عمارت کا افتتاح
حیدرآباد: ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ ریاست میں کارپوریٹ طرز کی عصری سہولیات سے لیس پولیس اسٹیشن تعمیر کرتے ہوئے عوام کو پولیس اسٹیشنس میں فرینڈلی ماحول فراہم کیا جارہا ہے تاکہ وہ بے جھجھک اپنے مسائل کو پولیس سے رجوع کیا جاسکے ۔ ایس آر نگر پولیس اسٹیشن کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد ان خیالات کا اظہارکیا ۔ اس موقع پر وزیر سنیماٹو گرافی ٹی سرینواس یادو رکن قانون ساز کونسل پربھاکر راؤ ، رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ ، پولیس ہاؤزنگ کارپویرشن کے صدرنشین دامودھر ، ڈی جی ایم ایم مہیندر ریڈی ، کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار ، ایڈیشنل کمشنرس شیکھا گوئیل ، انیل کمار کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ ایس آر نگر پولیس اسٹیشن کیلئے 1040 مربع گز اراضی فراہم کی گئی جس میں 15000 مربع فیٹ پر چار منزلہ خوبصورت عمارت تعمیر کی گئی ، نئی عمارت کی تعمیرات پر 4.26 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ۔ ریاست میں پولیس اسٹیشن کی نئی عمارتیں سٹیزن فرینڈلی پولیسنگ اسکیم کے تحت تعمیر کی جارہی ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ کی پولیس نے فرینڈلی پولیسنگ کے معاملہ میں سارے ملک میں سرفہرست مقام حاصل کیا ہے ۔ عصری تقاضوں سے لیس تعمیر ہونے والا کمانڈ کنٹرول سنٹر عوام کو تحفظ کرنے میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔ چیف منسٹر کے سی آر ریاست کے لاء اینڈ آرڈر پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور انہوں نے محکمہ پولیس پر خاص توجہ مرکوز کی ہے ۔ تلنگانہ کی پولیس لاء اینڈ آرڈر کی برقراری ، فرینڈلی پولیسنگ ، سماجی خدمات اور کورونا بحران سے نمٹنے میں جو خدمات انجام دی ہے وہ ناقابل فراموش ہے ۔ وزیر ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ سی سی کیمروں کی تنصیب میں شہر حیدرآباد کا عالمی سطح پر بہتر مقام ہے ۔ ڈی جی پی ایم مہیندر ریڈی نے کہا کہ ریاست کی ترقی کیلئے امن و امان بہت ضروری ہے۔اس لئے پولیس کی جانب سے لاء اینڈ آرڈر پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔