چیرمین اسٹیٹ پولیس ہاوزنگ کارپوریشن دامودر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : کارپوریٹ دفاتر کے مقابل ریاست میں پولیس اسٹیشن عمارتوں کی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں پولیس ہاوزنگ کارپوریشن کے ذریعہ 704.50 کروڑ کی لاگت سے پولیس اسٹیشن ، پولیس کمشنریٹ و دیگر عمارتوں کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے ۔ یہ بات اسٹیٹ پولیس ہاوزنگ کارپوریشن چیرمین کے دامودر نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ریاست میں کارپوریٹ طرز کی بلکہ اس سے زیادہ بہتر سہولیات والی پولیس عمارتوں کو تعمیر کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کی ہدایت سونچ اور ترقی کے منصوبہ کو مد نظر رکھتے ہوئے کارپوریشن کی جانب سے مثالی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں تشکیل دئیے گئے نئے اضلاع اور نو تشکیل شدہ پولیس کمشنریٹ سدی پیٹ ، راماگنڈم ، ورنگل پولیس کمشنریٹ کے علاوہ 90 پولیس اسٹیشنوں میں فرنٹ آفیس کا قیام عمل میں لایا گیا جن میں 78 کا تعمیری کام مکمل ہوچکا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع پولیس عہدیدار ( ڈی پی او ) کی تعمیر کے لیے 38.50 کروڑ کا خرچ ہورہا ہے ۔ ہر منڈل میں ایک پولیس اسٹیشن کے قیام کے سرکاری ادارے کے تحت کارپوریشن کی جانب سے 137 پولیس اسٹیشن عمارتوں کی تعمیر عمل میں لائی گئی جن میں 109 عمارتوں کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے ۔ جب کہ 28 عمارتیں تکمیل کے مراحل میں ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ شہری علاقوں میں ایک پولیس اسٹیشن کی تعمیر کے لیے 4.25 کروڑ اور دیہی علاقوں میں 2.70 کروڑ کے اخراجات ہورہے ہیں ۔ صدر نشین دامودر نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں پولیس اسٹیشنوں کی تعمیر ملک بھر کے لیے ایک مثال بن گئی ہے ۔ ملک کے کسی اور مقام پر ایسے کارپوریٹ طرز کے پولیس اسٹیشن دکھائی نہیں دئیے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اسٹیشنس کی عمارتوں کو مستقبل کی ضروریات کے لحاظ سے پیش نظر رکھتے ہوئے تعمیر کیا گیا ہے۔ پولیس اسٹیشن میں کانفرنس ہال و دیگر سہولیات کو فراہم کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ زلزلہ کا بھی مقابلہ کرسکتی ہیں ۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائرکٹر راجیو رتن بھی موجود تھے ۔۔