تلنگانہ میں کانگریس اور بی جے پی کیلئے کوئی جگہ نہیں : ہریش راؤ

   

کے سی آر کی حکمرانی سے عوام مطمئن، کانگریس قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت

حیدرآباد۔ /14 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس اور بی جے پی کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ عوام ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور وہ کانگریس اور بی جے پی کے بہکاوے میں آنے والے نہیں۔ ہریش راؤ آج سنگاریڈی ضلع میں کانگریس قائدین این رام کرشنا ریڈی اور سرپنچ ایم ویریشم کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ ہریش راؤ نے کانگریس قائدین کو ٹی آر ایس کا کھنڈوا پہناکر پارٹی میں استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی سرزمین پر کانگریس اور بی جے پی کیلئے اب کوئی جگہ نہیں ہے۔ مجوزہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس ریاست بھر میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی کے تمام 8 میونسپلٹیز میں ٹی آر ایس کلین سویپ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس ایک ہی سکہ کے دو رُخ ہیں اور یہ دونوں عوام کے حق میں صرف بیان بازی کرسکتے ہیں عملی طور پر اقدامات نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں پارٹیوں کی کامیابی کی صورت میں سنگاریڈی کا کوئی بھلا نہیں ہوگا۔انہوں نے پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ تمام 8 میونسپلٹیز میں پارٹی کی کامیابی کیلئے جدوجہد کریں۔ ہریش راؤ نے کہاکہ ترقی صرف کے سی آر اور ٹی آر ایس کے ذریعہ ممکن ہے۔ تلنگانہ ریاست فلاحی اور ترقیاتی اقدامات میں ملک کیلئے رول ماڈل کی طرح ہے۔ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں کے وزراء تلنگانہ کی اسکیمات کا جائزہ لے کر انہیں اپنی ریاستوں میں اختیار کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مشن بھگیرتا اسکیم کو بی جے پی ریاستوں میں اختیار کیا گیا۔ کالیشورم پراجکٹ ملک کا سب سے بڑا آبپاشی پراجکٹ ہے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ سنگاریڈی کے تمام منڈلوں میں ترقیاتی سرگرمیوں کا آغازکیا جائے گا۔ انہوں نے 4 لائین روڈ کی تعمیر اور اگریکلچرل انجینئرنگ کالج کے قیام کا تیقن دیا۔ انہوں نے سنگاریڈی میں پینے کے پانی کے مسئلہ کی یکسوئی کا یقین دلایا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ 100 ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے ۔ کے سی آر کے آشیرواد سے مزید مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیواؤں، معذوروں اور بے سہارا خواتین کیلئے ٹی آر ایس حکومت نے ماہانہ پنشن کی رقم میں اضافہ کیا ہے۔ غریب لڑکیوں کی شادی میں ماں باپ کی مدد کیلئے شادی مبارک اور کلیان لکشمی جیسی اسکیمات شروع کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حاملہ خواتین کیلئے کے سی آر کٹ اسکیم شروع کی گئی ہے۔ ہریش راؤ نے سنگاریڈی کلکٹریٹ میں ایس سی، ایس ٹی استفادہ کنندگان میں پٹہ جات اور بلاسودی قرض کے چیک تقسیم کئے۔ انہوں نے شادی مبارک اور کلیان لکشمی کے استفادہ کنندگان میں چیک کی تقسیم کے علاوہ سنگاریڈی میونسپلٹی کیلئے صفائی کے آٹو جاری کئے۔