تلنگانہ میں کانگریس حکومت کا ایک سال، ٹینک بنڈ اور نیکلس روڈ پر اسٹالس

   

دم بخود کرنے والا ایئر شو کی چیف منسٹر نے ستائش کی، وزرا، ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد میں شرکت
حیدرآباد۔8۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے شروع کی گئی ایک سال کی تکمیل کی تقاریب کے سلسلہ میں ٹینک بنڈ ‘ سیکریٹریٹ کے روبرو اور نکلس روڈ پراسٹالس لگائی گئی ہیں اور آج تعطیل کے سبب عوام کی بڑی تعداد ان تفریحی پروگرامس میں شرکت کے لئے ٹینک بنڈ پہنچی جہاں چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر اے ریونت ریڈی نے سوریہ کرن ائیر فورس کی جانب سے منعقدہ ائیر شو کا مشاہدہ کیا اور اس موقع پر ان کے ہمراہ صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر جی سکھیندر ریڈی ‘ اسپیکر اسمبلی مسٹر جی پرساد کمار‘ ریاستی وزراء کیپٹن این اتم کمار ریڈی ‘ مسٹر پی سرینواس ریڈی ‘مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ‘ مشیربرائے حکومت تلنگانہ ڈاکٹر کے کیشو راؤ‘ مشیر برائے ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی اور اقلیت محکمہ جات جناب محمد علی شبیرمئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادمحترمہ جی وجیہ لکشمی ‘ چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ شانتی کماری ‘ کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ شہر میں کانگریس حکومت کے ایک سال کے سلسلہ میں منعقد ہونے والی تقاریب کے دوران موسم خوشگوار ہونے کے نتیجہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے ان تقاریب میں حصہ لیا اور سہ پہر 4 بجے کے بعد شروع ہوئے ائیر شو کا مشاہدہ کیا ۔ ائیر فورس کی جانب سے دم بخود کرنے والے ائیر شو کی خوف سراہنا کی گئی ۔ان پروگرامس میں ریاستی وزراء مسٹر ڈی سریدھربابو ‘ مسٹر پونم پربھاکر ‘ رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خان کے علاوہ دیگر نے بھی شرکت کرتے ہوئے ائیر شو کے علاوہ تقاریب کا مشاہدہ کیا ۔ علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے آئی میکس تھیٹر کے قریب اسٹالس کے علاوہ تہذیبی پروگرامس پیش کئے گئے جس میں عوام کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے منعقدہ ان پروگرامس کے دوران رات کے اوقات میں لیزر شو‘ آتش بازی کے مظاہرہ اور مختلف میوزیکل پروگرامس بھی منعقد کئے گئے۔ ٹینک بنڈ کے اطراف و اکناف میں ریاستی حکومت کی جانب سے خوب تیاریاں کرتے ہوئے عوام کے لئے تفریحی پروگرامس کے انعقاد کے علاوہ ان کے لئے تفریحی سامان فراہم کیا گیا اور ٹینک بنڈ کے اطراف و اکناف تلنگانہ تہذیب کی عکاسی کرنے والے اسٹالس بالخصوص محکمہ سیاحت ‘ تہذیب و تمدن ‘ ماحولیات کے علاوہ تلنگانہ کی غذاؤں پر مشتمل ریستوران کے اسٹالس بھی لگائے گئے تھے ۔3