گھوش کمیٹی رپورٹ دراصل ’’ٹراش کمیٹی رپورٹ ‘‘ : پدمادیویندر ریڈی
میدک ۔3 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)بی آر ایس پارٹی ضلع صدر و سابق رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت کی تمام سازشیں ناکام ہو چکی ہیں اور عدالت کے فیصلے سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ انصاف کی جیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھوش کمیٹی رپورٹ دراصل ’’ٹراش کمیٹی‘‘ رپورٹ تھی، جس کو عدالت نے بھی غلط قرار دیا اور یہی حقیقت ثابت ہوئی۔ منگل کے روز پارٹی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت کالیشورم پراجکٹ کے مسئلہ پر کے سی آر کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی تھی، لیکن عدالت نے فیصلہ دے کر یہ واضح کر دیا کہ اس رپورٹ کی بنیاد پر نہ کے سی آر اور نہ ہی سابق وزیر ہریش راؤ کے خلاف کوئی کارروائی کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے گزشتہ 25 برسوں سے پارٹی کی بنیاد ڈالی، جدوجہد کی اور پچھلے دس برسوں میں تلنگانہ کو ملک کی صفِ اول کی ریاست بنایا۔ وہ پارٹی کے ہر کارکن کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور تلنگانہ عوام کے مستقبل کو سنوارنے کے لیے پرعزم ہیں۔ پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس قائدین اور کارکنان مکمل طور پر کے سی آر کے ساتھ کھڑے ہیں اور ریاست کی ترقی و عوامی بہبود کیلئے ان کے مشن کو کامیاب بنانے کے لیے عہدبستہ ہیں۔اس پریس کانفرنس میں پارٹی قائدین ملیکارجن گوڑ،کرشناریڈی لنگاریڈی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔