حیدرآباد ۔24۔نومبر (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سینئر قائد جئے رام رمیش نے تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار کو یقینی قرار دیا اور کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے بعد ملک میں کانگریس کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ کرناٹک کی طرح تلنگانہ میں کانگریس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ کھمم میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جئے رام رمیش نے کہا کہ راہول گاندھی نے تلنگانہ میں 12 دن تک پد یاترا کی ہے جس کے تحت 405 کیلو میٹر کا احاطہ کیا گیا۔ انہوں نے بی جے پی کو بی آر ایس کی بی ٹیم اور مجلس کو سی ٹیم قرار دیا اور کہا کہ تینوں پارٹیاں ایک دوسرے کی مدد کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت 10 برسوں میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہیں۔ روزگار کی فراہمی میں ناکامی پر کئی نوجوانوں نے خودکشی کرلی۔ جئے رام رمیش نے کہا کہ تلنگانہ کا ہر شعبہ بی آر ایس سے ناراض ہے اور اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی لہر دکھائی دے رہی ہے۔