تلنگانہ میں کانگریس کا اقتدار یقینی: راہول گاندھی

   

نفرت کی سیاست کا عوام خاتمہ کریں گے، نیویارک میں انڈین اوورسیز کانگریس سے خطاب
حیدرآباد ۔5 ۔ جون (سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے کہا کہ کرناٹک کی طرح تلنگانہ اور دیگر ریاستوں کے انتخابات میں بی جے پی کو شکست دی جائیگی جو نفرت کی سیاست پر عمل پیرا ہے۔ راہول گاندھی نے نیویارک میں انڈین اوورسیز کانگریس کے پروگرام میں حصہ لیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، مدھو یاشکی گوڑ ، پونالہ لکشمیا ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور تلگو ریاستوں کے کئی کانگریس قائدین نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ راہول گاندھی نے تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار میں واپسی کو یقینی قرار دیا اور کہا کہ تلنگانہ سے بی جے پی کا تقریباً صفایا ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں بی جے پی کی جانب سے تمام تر وسائل کے استعمال کے باوجود کانگریس نے بدترین شکست دی ہے۔ تلنگانہ میں بھی بی جے پی کا صفایا ہوگا اور انتخابات کے بعد کوئی اثر باقی نہیں رہے گا۔ راہول گاندھی نے مدھیہ پردیش اور راجستھان اور چھتیس گڑھ میں بھی کانگریس کی کامیابی کی پیش قیاسی کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام اہم ریاستوں میں بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں متحد ہیں اور آپسی اتحاد کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ ہم تمام نظریاتی لڑائی میں مصروف ہیں جہاں ایک طرف نفرت اور توڑنے والی طاقتیں ہیں تو دوسری طرف ملک کو جوڑنے اور محبت کے پیام کو عام کرنے کی کوشش ہے۔ امریکہ کے مختلف شہروں میں مقیم کانگریس کے حامیوں نے پروگرام میں شرکت کی۔ راہول گاندھی نے کہا کہ عام طور پر یہ خیال ہے کہ ہندوستان میں بی جے پی سے مقابلہ آسان نہیں ہے ۔ یقین مانیئے کہ بی جے پی سے مقابلہ میں کوئی دشواری نہیں ہے ۔ بی جے پی الیکشن کے موقع پر رائے دہندوں کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ کرناٹک میں یہی کیا گیا اور وزیراعظم نریندر مودی نے خود نفرت کی سیاست پر عمل کیا۔ کرناٹک کے عوام نے واضح کردیا کہ الیکشن مہنگائی ، بیروزگاری اور بی جے پی حکومت کے کرپشن پر ہونا چاہئے ۔ بھارت جوڑو یاترا کا حوالہ دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کھولنے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف کانگریس نہیں بلکہ ملک کے عوام بی جے پی کو شکست دیں گے۔ ر