تلنگانہ میں کانگریس کا مقابلہ بی جے پی، بی آر ایس اور مجلس اتحاد سے: ٹھاکرے

   

بی جے پی کو فائدہ پہنچانے راجستھان اور مدھیہ پردیش میں مجلس مقابلہ کررہی ہے
حیدرآباد۔/4اکٹوبر، ( سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے نے کہا کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں بی آر ایس، بی جے پی اور مجلس کے اتحاد سے مقابلہ کررہی ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹھاکرے نے کہا کہ راہول گاندھی نے بی جے پی، بی آر ایس اور مجلس کے بارے میں جو باتیں کہی تھیں وہ درست ثابت ہوئی ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے خود باہمی اتحاد کا اعتراف کرلیا ہے۔ راہول گاندھی کے مطابق بی آر ایس دراصل بی جے پی کی رشتہ دار پارٹی ہے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ بی جے پی اور بی آر ایس فرقہ پرست اتحاد کے بے نقاب ہونے کے باوجود مجلس ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور اس کے باہر دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کی مدد کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے بی آر ایس قائدین کے کرپشن کے خلاف آج تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے کہا کہ راہول گاندھی نے اعلان کیا ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس کا مقابلہ بی جے پی، بی آر ایس اور مجلس کے اتحاد سے ہے۔ کانگریس کے ووٹ تقسیم کرنے کیلئے تینوں پارٹیاں متحد ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی فائدہ پہنچانے کیلئے مجلس راجستھان اور چھتیس گڑھ میں انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔ ٹھاکرے نے کہا کہ دونوں ریاستوں میں مجلس کے مقابلہ سے کانگریس کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔