اسمبلی انتخابات سے قبل ہائی کمان سے توجہ کا مطالبہ
حیدرآباد: تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کا موقف انتہائی کمزور ہوچکا ہے ، لہذا 2023 ء اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس کا مضبوطی سے مقابلہ کرنے کیلئے پارٹی اعلیٰ کمان کو ابھی سے تیاری کرنی چاہئے ۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ ، جنرل سکریٹری انچارج مانکیم ٹیگور ایم پی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سینئر قائدین کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ نئی پردیش کانگریس کمیٹی کی تشکیل میں مدد ملے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں ڈسپلن شکنی عروج پر ہے اور سینئر قائدین کو ٹیلیفون پر دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ ہنمنت راؤ نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس طرح کی سرگرمیوں پر اتم کمار ریڈی خاموش ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ریاست کے تمام سینئر قائدین سے مشاورت کے بعد پردیش کانگریس کے صدر کا اعلان کیا جائے ۔ انہوں نے صدارت کے لئے پارٹی میں حال ہی میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کو ترجیح نہ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ 2018 ء سے انتخابات میں مسلسل ناکامیوں پر ہائی کمان کو توجہ مرکوز کرنی چاہئے تاکہ پارٹی کو مستحکم کیا جاسکے۔ 2023 ء اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس سے مضبوطی کے ساتھ مقابلہ کیلئے ہائی کمان ابھی سے تیاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی کمزوری کا فائدہ اٹھاکر بی جے پی مضبوط ہورہی ہے۔ ریاست میں پسماندہ طبقات کے رائے دہندوں کی اکثریت ہے لیکن کانگریس پارٹی کو پسماندہ طبقات کی کوئی فکر نہیں ۔ 119 اسمبلی حلقہ جات میں 40 سے زائد حلقوں میں پارٹی کا کوئی انچارج نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو مزید کمزور ہونے سے بچانے کیلئے ہائی کمان کو سینئر قائدین سے مشاورت کرنی چاہئے ورنہ 2023 ء میں کانگریس کی کامیابی مشکل ہوجائے گی ۔