تلنگانہ میں کانگریس کو مستحکم کرنے کیلئے ہائی کمان توجہ دیں

   

سینئر قائدین کا اجلاس ، انتخابات میں مسلسل ناکامیاں باعث تشویش
حیدرآباد: تلنگانہ میں کانگریس کی موجودہ صورتحال پر سینئر قائدین پر مشتمل وفادار فورم نے ہائی کمان کو رپورٹ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس کے وفادار قائدین کے نام سے قائم کردہ فورم کے ذمہ داروں ایم ششی دھر ریڈی ، سابق وزیر ایس چندر شیکھر ، سابق رکن اسمبلی ایم کودنڈا ریڈی ، سابق ایم ایل سی بی کملاکر ، پارٹی ترجمان جی نرنجن ، اے شیام موہن اور دیگر قائدین کا اجلاس زوم ایپ کے ذریعہ منعقد ہوا ۔ قائدین نے ریاست میں پارٹی کی موجودہ صورتحال اور حالیہ انتخابات میں شکست کا جائزہ لینے کے بعد وجوہات پر مبنی رپورٹ ہائی کمان کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ناگرجنا ساگر ضمنی چناؤ کے علاوہ مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس کو شکست ہوئی ۔ قائدین کا احساس تھا کہ موجودہ صورتحال سے ہائی کمان کو آگاہ کرتے ہوئے اصلاحی قدم اٹھانے کی سفارش کی جائے گی ۔ تلنگانہ میں پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے ہائی کمان کو توجہ دینی چاہئے ۔ 2018 ء اسمبلی اور 2019 ء لوک سبھا انتخابات کے بعد مجالس مقامی ، پنچایت راج اور ضمنی انتخابات میں کانگریس کا مظاہرہ مایوس کن رہا ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں پارٹی بہتر مظاہرہ سے محروم رہی۔ تلنگانہ میں پارٹی کو بچانے کیلئے ہائی کمان کو فوری توجہ دینی چاہئے ۔ قائدین نے ناگرجنا ساگر میں مقابلہ کرنے کیلئے جانا ریڈی سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے لنگوجی گوڑہ ڈیویژن سے کامیابی حاصل کرنے والے کارپوریٹر ڈی راج شیکھر ریڈی کو مبارکباد پیش کی ۔ تلنگانہ میں پارٹی کیڈر سے اپیل کی گئی کہ وہ موجودہ صورتحال میں پارٹی کے استحکام پر توجہ دیں۔ کورونا کی موجودہ سنگین صورتحال میں پارٹی قائدین اور کیڈر کو متاثرہ افراد اور ضرورت مندوںکی مدد کیلئے آگے آنے کی اپیل کی گئی ہے ۔