تلنگانہ میں کانگریس کو 100 سے زائد نشستوں پر کامیابی کا یقین

   

بی جے پی اور بی آر ایس سے عوام مایوس،عوامی اثاثہ جات لوٹنے کا الزام: بھٹی وکرامارکا

حیدرآباد۔/31 مئی، ( سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے الزام عائد کیا کہ 10 سالہ اقتدار میں بی آر ایس کے حکمرانوں نے عوام کے 100 سال تک کارآمد اثاثہ جات کو لوٹ لیا ہے۔ عوامی پدیاترا کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ بی آر ایس نے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے بجائے اثاثہ جات کو لوٹ کر اپنے اثاثے تیار کئے ہیں۔ بی جے پی قائدین حتیٰ کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور امیت شاہ بی آر ایس حکومت پر بے قاعدگیوں کا الزام عائد کررہے ہیں لیکن مرکز کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ دونوں پارٹیاں دکھاوے کی لڑائی اور مخالفت کے ذریعہ عوام کو گمراہ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بظاہر دونوں پارٹیاں علحدہ ہیں لیکن حقیقت میں یہ دونوں ایک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عادل آباد سے شروع کی گئی پدیاترا کے محبوب نگر ضلع کے کولا پور پہنچنے تک سینکڑوں مواضعات کا احاطہ کرتے ہوئے لاکھوں افراد سے ملاقات کی گئی اور حکومت کے خلاف عوام کی ناراضگی صاف دکھائی دے رہی ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو 100 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام بی جے پی اور کانگریس سے مایوس ہوچکے ہیں اور کانگریس کو برسراقتدار لانے کا فیصلہ کرچکے ہیں تاکہ ترقی اور فلاح و بہبود کے دور کا آغاز ہو۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں تعمیر کردہ آبپاشی پراجکٹس کو ری ڈیزائننگ کے نام پر بھاری کمیشن حاصل کیا گیا۔ کانگریس برسراقتدار آنے پر کسانوں کا 2 لاکھ روپئے تک کا قرض معاف کیا جائے گا اور غریب خاندانوں کو 500 روپئے میں پکوان گیس سلینڈر فراہم کیا جائے گا۔ر