عوام تیسری مرتبہ دھوکہ نہ کھائیں، برقی شرحوں میں اضافہ سے دستبرداری کا تیقن، ریونت ریڈی کی پد یاترا میں عوام کا جوش و خروش
حیدرآباد16 فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے آج پد یاترا کے 10 ویں دن وردھنا پیٹ اسمبلی حلقہ کا احاطہ کیا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ تلنگانہ میں بدعنوان بی آر ایس حکومت کے خاتمہ کیلئے کانگریس کو ایک موقع دیں۔ ریونت ریڈی نے صبح 9 بجے انگلا دیہات سے پد یاترا کا آغاز کیا اور عوام کے مختلف طبقات سے ملاقات کی۔ انہوں نے کسانوں کے علاوہ زرعی مزدوروں ، بیروزگار نوجوانوں ، خواتین اور طلبہ سے ملاقات میں کانگریس اقتدار پر فلاحی اقدامات کا بھروسہ دلایا۔ دیگر اسمبلی حلقہ جات کی طرح وردھنا پیٹ میں ریونت ریڈی کا شاندار استقبال کیا گیا ۔ انہوں نے وردھنا پیٹ ٹاؤن میں کارنر میٹنگ سے خطاب میںاعلان کیا کہ 10 ماہ بعد کانگریس تلنگانہ میں برسر اقتدار آئے گی اور اسے 100 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے پارٹی کیڈر سے اپیل کی کہ وہ 10 ماہ تک جدوجہد کریں تاکہ بی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کیا جاسکے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر فلاحی اسکیمات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ دو مرتبہ دھوکہ کھاچکے ہیں، تیسری مرتبہ بی آر ایس سے دھوکہ نہ کھائیں۔ عوام کو اپنی بھلائی کیلئے سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا چاہئے ۔ ریونت ریڈی نے مقامی مندر میں پوجا کرکے آشیرواد لیا۔ پد یاترا کے راستہ میں کسانوں نے ریونت کو برقی کی عدم سربراہی سے واقف کرایا جس پر انہوں نے مقامی دفتر میں موجود برقی اسسٹنٹ انجنئر سے ملاقات کی اور کسانوں کی دشواریوں سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ رات کے اوقات میں برقی سربراہی سے کسانوں کو دشوار ہورہی ہے۔ لہذا دن میں برقی سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 24 گھنٹے برقی سربراہی کا دعویٰ کر رہی ہے لیکن حقیقت میں 8 گھنٹے سربراہی نہیں ہے۔ انہوں نے محکمہ برقی کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ کسانوں کے مسائل سے حکومت کو واقف کرائیں۔ ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ کانگریس برسر اقتدار آتے ہی بی آر ایس حکومت کی جانب سے برقی شرحوں میں اضافہ کو واپس لیا جائے گا ۔ ریونت ریڈی نے ایک گاؤں میں رچہ بنڈہ کے تحت چبوترہ پر بیٹھ کر گاؤں والوں سے بات چیت کی۔ گاؤں والوں نے ڈبل بیڈروم مکانات اور آر ٹی سی بس کی سہولت سے محرومی کی شکایت کی۔ ریونت ریڈی نے گاؤں والوں کو تیقن دیا کہ وہ ان مسائل کی یکسوئی کے اقدامات کریں گے۔ جلسہ عام میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ ریونت ریڈی نے عوام سے کئی وعدے کئے جن میں مکانات کی تعمیر کیلئے پانچ لاکھ روپئے کی فراہمی ، آروگیہ شری اسکیم کے تحت پانچ لاکھ روپئے تک مفت علاج ، کسانوں کو دو لاکھ روپئے قرض کی معافی اور 500 روپئے میں پکوان گیس سلینڈر کی فراہمی شامل ہیں۔ ریونت ریڈی کل 17 فروری کو اسٹیشن گھن پور اسمبلی حلقہ میں پد یاترا کریں گے۔ وہ 18 فروری کو شیوراتری کے باعث آرام کریں گے اور 19 فروری کو حیدرآباد میں کانگریس کے سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے۔ 20 فروری سے ریونت ریڈی کی پد یاترا کا دوبارہ آغاز ہوگا۔ر