حیدرآباد ۔25۔ اگست (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی اور بی آر ایس کو شکست کا سامنا کرنا پڑیگا ۔ اتم کمار ریڈی اور ان کی شریک حیات این پدماوتی ریڈی نے آج گاندھی بھون پہنچ کر حضور نگر اور کوداڑ حلقوں سے کانگریس ٹکٹ کیلئے درخواست داخل کی۔ بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسمبلی چناؤ میں کانگریس کو 70 سے زائد نشستیں ملیںگی۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ 5 ریاستوں راجستھان ، مدھیہ پردیش ، چھتیس گڑھ ، میزورم ، تلنگانہ میں کانگریس کو کامیابی حاصل ہوگی۔ ان ریاستوں میں جاریہ سال کے اواخر تک اسمبلی چناؤ ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں اسمبلی چناؤ 30 نومبر کو ہوسکتا ہے اور کانگریس بھاری اکثریت سے برسر اقتدار آئے گی۔ پانچ ریاستوں کی کامیابی 2024 ء انتخابات میں راہول گاندھی کے وزیراعظم بننے کی راہ ہموار کریگی۔ انہوں نے کہاکہ نلگنڈہ کی تمام 12 اسمبلی نشستوں پر کانگریس کامیاب ہوگی۔ ڈسمبر کے پہلے ہفتہ میں تلنگانہ میں کانگریس حکومت تشکیل پائیگی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہے۔ کے سی آر نے دلتوں اور گریجنوں کو تین ایکر اراضی کا وعدہ پورا نہیں کیا ۔ ڈبل بیڈروم مکانات اسکیم میں دھاندلیاں ہیں۔ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کے نام پر دھوکہ کیا گیا ۔ چیف منسٹر نے 2014 ء میں اسمبلی میں دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے 12 فیصد مسلم تحفظات کیلئے وزیراعظم مودی سے بات کی اور انہوں نے اتفاق کرلیا ۔ اتم کمار نے کہا کہ کانگریس کے فراہم کردہ 4 فیصد تحفظات برقرار ہیں اور کے سی آر نے ایک فیصد بھی اضافہ نہیں کیا۔ کے سی آر نے دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ فراموش کردیا ۔ تلنگانہ میں بی آر ایس ارکان اسمبلی اراضیات، کانکنی ، ریت اور شراب کے کاروبار میں ملوث ہیں۔