ہماری ضمانتیں کے سی آر کے وعدوں کی طرح جھوٹی نہیں ہیں۔ عادل آباد میں ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 19 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کو اقتدار ملنے پر ریاست تاریکی میں ڈوب جائے گی، پروپگنڈہ کے ساتھ چیف منسٹر عوام کو خوفزدہ کرکے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس مسٹر اے ریونت ریڈی نے آج چیف منسٹر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ کے سی آر تلنگانہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ چھتیس گڑھ سے برقی خرید رہی ہے۔ اُنھوں نے استفسار کیاکہ اگر ریاست میں برقی پیداوار اِس قدر فاضل ہے تو حکومت کانگریس اقتدار والی چھتیس گڑھ سے کیوں برقی خریدی کر رہی ہے۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیاکہ حکومت تلنگانہ کو درکار برقی پیداوار کے موقف میں نہیں ہے اِسی لئے چھتیس گڑھ سے برقی خریدی کی جارہی ہے اور کانگریس پر بے بنیاد الزامات عائد کرکے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ریاست کی برقی پیداوار میں زبردست گراوٹ آئی ہے۔ صدر پردیش کانگریس نے بی آر ایس و بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی قائدین پر الزام عائد کیاکہ وہ نہ صرف عوام کو گمراہ کررہے ہیں بلکہ بے بنیاد وعدوں کے ساتھ عوام میں پہونچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اُنھوں نے بی جے پی قائدین سے استفسار کیاکہ اُن کے امیدواروں کی جب ضمانت ہی نہیں بچنے والی تو کس طرح وہ تلنگانہ میں پسماندہ طبقہ کے قائد کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کررہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے آصف آباد میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب میں کہاکہ کانگریس نے قابل عمل منشور عوام کے درمیان پیش کیا ہے اور جو 6 ضمانتیں دی گئی ہیں وہ تمام پڑوسی کرناٹک میں عمل کی جارہی ہیں۔ اِسی لئے اِن پر کسی طرح کے شبہ کی گنجائش نہیں ہے۔ ریونت ریڈی نے کے سی آر کو مشورہ دیا کہ وہ کانگریس کے تعلق سے بے بنیاد پروپگنڈہ کرنا ترک کردیں اور برقی پیداوار کے دعوؤں سے باز آجائیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی سونامی بھارت راشٹرا سمیتی اور بی جے پی کے اتحاد کو بہا لے جائیگی۔ اُنھوں نے عوام میں تبدیلی کے رجحان کا تذکرہ کیا اور کہاکہ 10 سالہ حکمرانی میں بی آر ایس نے جس طرح سے بی جے پی کی مدد کی اور عوام سے دوریاں رکھیں وہ تمام عوام کو اب سمجھ آچکی ہیں۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ کانگریس نے جو 6 ضمانتیں اور انتخابی منشور پیش کیا ہے اُس پر بہرصورت عمل کیا جائے گا کیوں کہ یہ منشور یا ضمانتیں کے سی آر کے وعدوں کی طرح نہیں بلکہ تحریری طور پر جاری کئے گئے ہیں ۔ اُنھوں نے کے سی آر کو دھوکہ باز اور مفاد پرست قرار دیا اور کہاکہ اُنھوں نے اپنے 10 سالہ دور اقتدار میں خاندانی حکمرانی کو فروغ دیا اور مخالف خاندانی حکمرانی کے نعرہ پر زندہ بی جے پی بھی کے سی آر کی بی آر ایس کے ساتھ خفیہ اتحاد کئے ہوئے ہے۔