تلنگانہ میں کانگریس کی لہر سے پرینکا گاندھی مسرور

   

بی آر ایس حکومت چند دن کی مہمان، 6 گیارنٹی پر عمل آوری کی وہ گیارنٹی لیتی ہیں
حیدرآباد ۔ 25 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کی طوفانی لہر سے پرینکا گاندھی مسرور ہوگئی ہیں۔ روایتی انداز میں ڈانس کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں میں نیا جوش و خروش پیدا کردیا۔ پرینکا گاندھی کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے عوام امڈ پڑ رہے ہیں۔ آج دوسرے دن بھی پرینکا گاندھی نے تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کی طوفانی انتخابی مہم چلائی۔ ضلع کھمم میں روڈشو کے علاوہ جلسوں سے جذباتی خطاب کرتے ہوئے عوام کا دل جیت لیا۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے ان کی ماں نے سیاسی فائدے کی پرواہ کئے بغیر علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا۔ تاہم جن مقاصد کیلئے علحدہ ریاست تشکیل دی گئی انہیں شرمندہ تعبیر کرنے میں بی آر ایس حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی۔ تلنگانہ کے بیروزگار نوجوانوں کو روزگار دینے میں حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی مگر چیف منسٹر کے سی آر نے اپنے ارکان خاندان کو سیاسی روزگار فراہم کیا ہے۔ وہ تلنگانہ پہنچنے سے قبل اپنی والدہ سونیا گاندھی سے وعدہ کرکے آئی ہیں۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت تشکیل پانے کے بعد ریاست میں عوامی حکومت فراہم کی جائے گی۔ میری ماں نے جن 6 گیارنٹی کا اعلان کیا ہے، کانگریس کے قائدین اس پر صدفیصد عمل کرتے ہوئے تشکیل تلنگانہ کے مقاصد کی تکمیل کریں گے۔ بی آر ایس حکومت میں ملازمتوں کے نام پر گھوٹالے کئے گئے ہیں۔ آبپاشی پراجکٹس کے نام پر اسکامس کئے گئے ہیں۔ انفراسٹرکچر کی ترقی پر بڑے پیمانے پر کمیشن وصول کیا جارہا ہے، جس کا اب خاتمہ ہوجائے گا۔ کانگریس حکومت میں 6 گیارنٹی پر عمل کرنے کی وہ گیارنٹی لیتی ہیں۔ تلنگانہ میں بی آر ایس کی حکومت صرف چند دن کی مہمان ہے۔ بہت جلد کانگریس کی حکومت تشکیل پائے گی۔ن