جانا ریڈی، محمد علی شبیر اور اتم کمار کے نام زیر غور
حیدرآباد۔/7 جون، ( سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں پردیش کانگریس کمیٹی اور ہائی کمان کے درمیان رابطہ کار کے طور پر کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ریاست میں پردیش کانگریس کمیٹی کے علاوہ پولٹیکل افیرس کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں پارٹی کے سینئر قائدین کو شامل کیا گیا۔ دیگر پارٹیوں سے قائدین کی شمولیت کی منظوری کیلئے جانا ریڈی کی زیر قیادت کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اس کے علاوہ انتخابی تشہیر کمیٹی اور انتخابی حکمت عملی تیاری کمیٹی موجود ہے۔ ان کمیٹیوں کے علاوہ ہائی کمان کوآرڈینیشن کمیٹی کی تشکیل کا منصوبہ رکھتا ہے جو ایک غیر جانبدار رول کے تحت پارٹی اور ہائی کمان کے درمیان رابطہ کار کا رول ادا کرے گی۔ کمیٹی کی تشکیل کا مقصد ہائی کمان کے فیصلوں پر موثر عمل آوری کو یقینی بنانا اور انتخابات کے دوران قائدین میں اقتدار کیلئے رسہ کشی کو روکنا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ ہفتہ ہائی کمان سے سینئر قائدین کی ملاقات کے دوران یہ مسئلہ زیر بحث آئے گا اور کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین کے نام پر فیصلہ ہوگا۔ کمیٹی کی صدارت کیلئے ہائی کمان کے پاس جن سینئر قائدین کے نام زیر غور ہیں ان میں کے جانا ریڈی، محمد علی شبیر، اتم کمار ریڈی، ڈی سریدھر بابو شامل ہیں۔ صدارت ایسے قائد کو دی جائے گی جو پارٹی کے تمام گروپس میں قابل قبول ہو۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی نے جانا ریڈی اور محمد علی شبیر کے نام پیش کئے ہیں۔ محمد علی شبیر کو پولٹیکل افیرس کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا جاسکتا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ ہائی کمان کوآرڈینیشن کمیٹی کی صدارت کیلئے کونسے غیر متنازعہ قائد کا انتخاب کرے گا۔ر